بعض اوقات انسان لاشعوری طور پر ایسے الفاظ ادا کر جاتا ہے جو وقت گزرنے کے بعد ناقابلِ یقین انداز میں سچ ثابت ہو جاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ پاکستان کے معروف اینکر، مذہبی اسکالر اور سیاستدان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے ساتھ بھی ہوا، جن کی زندگی میں کیے گئے الفاظ آج ایک روح فرسا حقیقت بن کر سامنے آئے ہیں۔
نجی فلاحی ادارے چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی اور معروف سماجی کارکن رمضان چھیپا نے حال ہی میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی ایک یادگار ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی ہے، جس نے مداحوں کو ایک بار پھر جذباتی کر دیا ہے۔
عاصم اظہر کا میرب علی اور علی سفینہ کی وائرل ویڈیو پر دلچسپ ردعمل
یہ ویڈیو اس وقت کی ہے جب ڈاکٹر عامر لیاقت جیو کہانی کے ایک پروگرام کی میزبانی کر رہے تھے اور چھیپا کے سرد خانے کا دورہ کر رہے تھے۔ ویڈیو میں عامر لیاقت کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ غسل کے لیے مخصوص جگہ دکھاتے ہوئے ناظرین سے مخاطب ہو کر کہہ رہے ہیں۔
”گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، سب کو اسی جگہ پر لیٹنا ہے۔ ہم سب کو ایک دن یہاں آ کر لیٹنا ہے۔“
ماں، باپ سے زیادہ ذمہ داریاں نبھاتی ہے: ثانیہ مرزا
ان کا مزید کہنا تھا، ”آج ہم زندہ ہیں تو یہ سب بتا رہے ہیں، کل جب ہم نہ ہوں تو لوگ یہ بات یاد کریں۔ ہو سکتا ہے یہ ویڈیو کلپ چلے اور آپ کہیں کہ کبھی ڈاکٹر عامر لیاقت نے بتایا تھا کہ وہ ایک دن یہاں غسل کے لیے آئیں گے۔“
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہی جگہ بعد ازاں ان کی اپنی میت کے غسل کے لیے استعمال ہوئی۔ عامر لیاقت کی وفات کے بعد جب ان کی میت چھیپا سرد خانے لائی گئی تو ان کی کہی ہوئی باتیں اور دکھائے گئے مناظر ہو بہو سچ ثابت ہوئے، جس نے ان کے مداحوں کو رنج و الم کی کیفیت میں مبتلا کر دیا۔
رمضان چھیپا کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو چھو لیا۔ کمنٹس سیکشن میں ہزاروں صارفین ڈاکٹر عامر لیاقت کو یاد کرتے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کرتے نظر آئے۔ کئی افراد نے اس لمحے کو ”خوفناک حقیقت“ اور ”زندگی کا ناقابلِ فراموش سبق“ قرار دیا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کو کراچی میں اپنے گھر میں تنہائی کے عالم میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ ایک وقت میں پاکستان کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹی وی اینکرز میں شمار ہوتے تھے۔ رمضان نشریات، مذہبی مکالمے اور سیاسی تبصرے ان کی پہچان تھے۔
ان کی زندگی تنازعات، شہرت، اور تنہائی کا مرکب تھی، مگر ان کے چاہنے والوں کی تعداد آج بھی کم نہیں۔