جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل (Apple) ایک ایسا نام ہے جس نے نہ صرف موبائل فون بلکہ کمپیوٹر اور موسیقی سننے کے طریقے کو بھی بدل کر رکھ دیا۔ ایپل کی ابتدائی مصنوعات آج ایک طرف جہاں ٹیکنالوجی کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں، وہیں دوسری طرف یہ کلیکٹرز اور شوقین افراد کے لیے خزانے کی حیثیت اختیار کر چکی ہیں۔ پرانی اور نایاب ایپل ڈیوائسز آج نیلامی کے بازار میں لاکھوں روپے بلکہ کروڑوں کی قیمتوں میں فروخت ہو رہی ہیں۔
پہلا آئی فون: ایک تاریخ ساز قدم
ایپل کے شریک بانی اور سی ای او اسٹیو جابز نے 9 جنوری 2007 کو ’میک ورلڈ 2007‘ میں پہلی بار آئی فون متعارف کروایا۔ اس وقت کسی نے تصور بھی نہ کیا تھا کہ یہ چھوٹا سا آلہ دنیا بھر کے اسمارٹ فونز کے منظرنامے کو بدل کر رکھ دے گا۔ پہلے آئی فون کے دو ماڈل متعارف کروائے گئے تھے۔ ماڈل 4GB جس کی قیمت (499$) آج کے مطابق 1 لاکھ 39 ہزار اور 8GB جس کی قیمت (599$)1 لاکھ 67 ہزار پاکستانی روپے ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 4GB ماڈل کو صرف دو ماہ کے بعد بند کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے یہ ماڈل آج دنیا بھر میں انتہائی نایاب شمار کیا جاتا ہے۔
نیلامی میں حیران کن قیمتیں
2023 میں، ایک پیکنگ شدہ اور بہترین حالت میں موجود 4GB ماڈل کو امریکہ کی معروف نیلامی کمپنی ’LCG Auctions‘ نے نیلام کیا، جو حیرت انگیز طور پر 190,373 ڈالر (تقریباً 53,266,631 روپے) میں فروخت ہوا۔
یہی نہیں، اس کے بعد فروری 2023 میں ایک 8GB ماڈل 63,356 ڈالر (17,727,097روپے) میں نیلام ہوا۔
اکتوبر 2022 میں ایک اور 8GB ماڈل 39,340 ڈالر (11,007,387روپے) میں فروخت ہوا۔
ان تمام ماڈلز کی قدر اس لیے بھی بڑھی کیونکہ یہ اپنی اصل سیل پیکنگ میں تھے اور استعمال نہ کیے گئے تھے،بہترین محفوظ حالت میں تھے۔
آئی پاڈ، موسیقی کی دنیا میں انقلاب
آئی فون سے پہلے ایپل کی مشہور ترین ایجاد آئی پاڈ (iPod) تھی، جس نے موسیقی سننے کا انداز بدل دیا۔ یہ وہ MP3 پلیئر تھا جس سے صارفین ہزاروں گانے اپنے کمپیوٹر سے نکال کر جیب میں لے جا سکتے تھے۔
آج کے دور میں اصل پیکنگ میں موجود، کام کرنے والے پرانی نسل کے آئی پاڈز نیلامی میں 90,000 (تقریباً 25,182,126 روپے) تک فروخت ہو چکے ہیں۔
اگرچہ کھلے ہوئے آئی پاڈز کی قیمت کم ہوتی ہے، مگر یہ بھی ہزاروں ڈالرز میں بکتے ہیں، خاص طور پر اگر وہ نایاب ورژنز میں سے ہوں۔
ایپل-1 کمپیوٹر، جہاں سے کہانی شروع ہوئی
ایپل کی بنیاد 1976 میں رکھی گئی۔ اس وقت اسٹیو جابز اور اسٹیو وزنیک نے اپنے گیراج میں ایک کمپیوٹر تیار کیا جسے ایپل ون کہا گیا۔ یہ صرف 50 یونٹس میں بنایا گیا تھا اور اس کی ابتدائی قیمت 666.66 ڈالر (1 لاکھ 85 ہزار روپے) تھی۔
آج یہی کمپیوٹر کروڑوں روپے میں نیلام ہو چکا ہے۔ یہ وہ تاریخی کمپیوٹر ہے جس سے ایپل کی کامیابی کی بنیاد رکھی گئی۔
آج کی دنیا میں جب سب کچھ ڈیجیٹل اور تیز رفتار ہو گیا ہے، کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ زیادہ قیمتی ہو جاتی ہیں۔ ایپل کی ابتدائی مصنوعات اس کی بہترین مثال ہیں۔