پہلگام حملے کے بعد پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کے حکم کے تناظر میں پاکستان کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے پاکستان واپسی کے سوال پر معروف گلوکار عدنان سمیع اپنے حواس کھو بیٹھے۔
عدنان سمیع اور فواد چوہدری کے درمیان سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ اُس وقت شروع ہوا جب فواد چوہدری نے طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ ’کیا بھارتی شہریت اختیار کرنے والے پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع کو بھی بھارت سے نکالا جائے گا یا نہیں؟
پہلگام حملے کے اگلے روز 23 اپریل کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کے اجلاس میں پہلگام حملے کے ردعمل میں کئی سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ سروسز کی معطلی بھی شامل ہے۔
وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ تمام جاری شدہ ویزے 27 اپریل سے منسوخ تصور کیے جائیں گے، جبکہ میڈیکل ویزے 29 اپریل تک مؤثر رہیں گے۔
یہ خبر ایک بھارتی صحافی نے ’ایکس‘ پر شیئر کی تو فواد چوہدری نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ ’تو عدنان سمیع کا کیا ہوگا۔
اس پر عدنان سمیع نے فوری جواب دیتے ہوئے تلخ کالمی شروع کردی اور فواد چوہدری کو ’جاہل‘ اور ’احمق‘ قرار دے دیا۔
اپنی پوسٹ میں عدنان سمیع نے لکھا کہ ’کون اِس جاہل احمق کو بتائے گا کہ میں 2016 میں بھارتی شہریت حاصل کرچکا ہوں؟‘
دونوں کے درمیان لفظی جنگ یہیں پر ختم نہیں ہوئی، فواد چوہدری نے ایک اور پوسٹ میں عدنان سمیع کو ’لاہوری‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارا اپنا لاہوری عدنان سمیع! ایسا لگ رہا ہے کہ غبارے میں سے ہوا نکل گئی ہو، جلد صحتیاب ہوجاؤ‘
فواد چوہدری کی اس پوسٹ پر عدنان سمیع مزید بھڑک اٹھے، انہوں نے مزید سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ ’تمہیں یہ بھی ٹھیک سے نہیں معلوم، میرا تعلق پشاور سے ہے، لاہور سے نہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میری تو ہوا نکل گئی لیکن تُو ابھی بھی غبارہ ہے، یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ تم وزیرِ (غلط) اطلاعات بھی رہ چکے ہو اور تمہیں بنیادی حقائق تک کا علم نہیں اور تم وزیرِ سائنس بھی تھے؟ یہ کونسی ’بکواس سائنس‘ تھی؟‘
سوشل میڈیا پر اس نوک جھونک کے بعد دونوں ممالک کے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آرہا ہے، جہاں کچھ افراد عدنان سمیع کی حمایت کرتے نظر آئے تو کچھ نے فواد چوہدری کو درست قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عدنان سمیع اور کسی پاکستانی کے درمیان اس قسم کے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہو، بھارتی شہریت اختیار کرنے کے بعد سے عدنان سمیع اکثر پاکستان اور پاکستانیوں کے خلاف بولتے نظر آتے ہیں۔