مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس کے ردعمل میں پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے کھل کر آواز اٹھائی اور بھارت کے جنگی جنون پر سخت تنقید کی۔

معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں بھارتی میڈیا کو خبردار کیا کہ پاکستان کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نفرت اور جھوٹے بیانیے سے باز آئے۔

اداکار یاسر حسین نے بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو نتائج سنگین ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

شمعون عباسی نے بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ داری پر بات کرتے ہوئے پہلگام واقعے میں ہلاک قرار دیے گئے شادی شدہ جوڑے کی مثال دی جو بعد میں زندہ سامنے آ گیا۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کشمیری عوام پر مظالم کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ بھارت میڈیا کے ذریعے سچ چھپانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

پہلگام حملہ، فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ

گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے انسٹاگرام اسٹوری میں سخت الفاظ میں کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو اس کی ذمہ داری بھارتی میڈیا پر عائد ہوگی۔ انہوں نے میڈیا کو جھوٹے بیانیے سے گریز کرنے کی تلقین کی۔

اسی طرح گلوکار عمیر جسوال نے بھی بھارتی میڈیا کی غلط رپورٹنگ پر آواز بلند کی اور اسے بی جے پی کا منظم پروپیگنڈا قرار دیا۔

اداکارہ ماہرہ خان، صبا قمر، فواد خان اور ہانیہ عامر نے بھی پہلگام واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، تاہم اداکارہ مشی خان نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظالم پر خاموشی اختیار کرنے والے اب بھارت کے معاملے میں افسوس ظاہر کر رہے ہیں۔

موجودہ صورتحال میں بھارت کی طرف سے فنکاروں پر پابندیاں، سندھ طاس معاہدہ کی معطلی، سفیروں کی واپسی، اور واہگہ بارڈر کی بندش جیسے جارحانہ اقدامات کیے جا چکے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر جنگی جنون کو ہوا دی جا رہی ہے۔

پاکستانی شوبز شخصیات نے متحد ہو کر بھارت کے اس منفی بیانیے کو بے نقاب کیا ہے اور عالمی برادری کو واضح پیغام دیا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ امن اور انصاف ہی اصل راستہ ہے۔

More

Comments
1000 characters