فواد خان کی نو سال بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی کی کوشش ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ ان کی آنے والی فلم عبیر گلال، جو بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ ریلیز کے لیے تیار تھی، مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد شدید مخالفت کی زد میں آ گئی ہے۔
22 اپریل کو پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے فائرنگ کے بعد بھارتی حکومت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے، اوراب فلم انڈسٹری پر بھی اس کے اثرات زوروشور سے اپنا اثر دکھا رہے ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کے خلاف عوامی ردِعمل بھی شدت اختیار کر گیا۔
فلم ’عبیر گلال‘ کے گانے یوٹیوب سے ہٹائے گئے
فلم عبیر گلال کے گانے، ’خدایا عشق‘ (رومانوی) اور ’انگریزی رنگ رسیا‘ (ڈانس نمبر)، جو یوٹیوب پر پروڈکشن ہاؤس آرچر لینز انٹرٹینمنٹ اور معروف میوزک لیبل سارے گاما کے آفیشل چینلز پر موجود تھے، اب یوٹیوب انڈیا سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ صارفین اب یہ گانے دیکھنے سے قاصر ہیں، اور ان یوٹیوب چینلز کی جانب سے اس اقدام کی کوئی وضاحت تاحال سامنے نہیں آئی۔
اداکارہ وانی کپور نے 22 اپریل کو فلم کی پروموشنل ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جس میں وہ فواد خان کے ساتھ نظر آئیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے وہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی اور ’BoycottVaaniKapoor‘ جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔
فلم کی ریلیز پر خطرات منڈلانے لگے
فلم عبیرگلال کی عالمی ریلیز کی تاریخ 9 مئی 2025 رکھی گئی تھی، لیکن موجودہ سیاسی و سماجی حالات نے اس کی نمائش کو مشکوک بنا دیا ہے۔ بھارتی میڈیا اور فلمی حلقوں میں چہ میگوئیاں جاری ہیں کہ آیا فلم اپنی مقررہ تاریخ پر ریلیز ہو بھی سکے گی یا نہیں۔