ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ ڈیمی مور ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔
حال ہی میں انہیں فلم ’دی سبسٹینس The Substance‘ میں شاندار اداکاری پر کئی بڑے ایوارڈز سے نوازا گیا، جن میں گولڈن گلوب، اسکرین ایکٹرز گلڈ، سیٹلائٹ، اور کریٹکس چوائس ایوارڈز شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ہالی ووڈ اداکاروں کی شرٹس پر ’گڑیا بچاؤ‘ کا مطلب کیا؟
ڈیمی مور نے اس فلم میں ایک عمر رسیدہ انسٹرکٹر کا کردار ادا کیا، جسے ناقدین نے بہت سراہا۔ اس کامیابی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ کچھ سال پہلے وہ سمجھنے لگی تھیں کہ ان کا کریئر ختم ہو چکا ہے، کیونکہ ایک پروڈیوسر نے انہیں ’پاپ کارن اداکارہ‘ کہہ کر مسترد کر دیا تھا۔
لیکن اب قسمت نے ایک بار پھر ان کا ساتھ دیا ہے۔ پیپلز میگزین کے تازہ سروے میں ڈیمی مور کو دنیا کی سب سے خوبصورت شخصیت قرار دیا گیا ہے، جو ان کے دہائیوں پر محیط شاندار کریئر کا ایک بڑا اعزاز ہے۔
بھارت میں ایلون مسک کی والدہ کے گلابی لہنگے میں جلوے
ڈیمی مور نے کہا کہ وہ کبھی اپنی شکل و صورت سے مکمل طور پر خوش نہیں رہیں، لیکن اب وہ اپنے جسم کی ہر تبدیلی اور زندگی کے تجربات کی قدر کرتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ خوبصورتی اس بات کی علامت ہے کہ وہ اب اپنے آپ کو کیسا محسوس کرتی ہیں، نا کہ لوگ انہیں کیسے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب وہ اپنی جسمانی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے خود پر بہت سختی کرتی تھیں، لیکن اب وہ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت پر توجہ دیتی ہیں۔ وہ پلانٹ بیسڈ (نباتاتی) غذا کھاتی ہیں، مراقبہ کرتی ہیں، نیند کا خیال رکھتی ہیں اور آج بھی روزانہ ایک ریڈ بُل پیتی ہیں۔
ڈیمی مور نے مزید بتایا کہ وہ اپنی بیٹیوں سے بہت قریب ہیں اور اب نانی بننے کے تجربے سے بھی لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ وہ اپنے سابق شوہر بروس وِلس سے بھی رابطے میں ہیں اور ان کے 70ویں سالگرہ پر خاص پیغام بھی دیا تھا۔
62 سالہ اداکارہ کی زندگی اور خیالات میں وقت کے ساتھ بڑی تبدیلی آئی ہے، اور آج وہ صرف خوبصورت نہیں بلکہ باہمت، پُرعزم اور متاثر کن شخصیت کی مالک بن چکی ہیں۔