الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی Contemporary Amperex Technology Limited (CATL) نے ایک نئی اور جدید بیٹری متعارف کروا دی ہے جس نے اپنے حریف بی وائی ڈی (BYD) کو رینج کے میدان میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سی اے ٹی ایل کی جانب سے ”شین شینگ“ نامی اس نئی بیٹری کو پیر کے روز شنگھائی میں منعقدہ ”ٹیک ڈے“ کے موقع پر پیش کیا گیا۔ کمپنی کے مطابق، اس بیٹری کی رینج 320 میل ہے، جو کہ بی وائی ڈی کی بیٹری سے تقریباً 70 میل زیادہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کمپنیاں یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ ان کی بیٹریاں صرف پانچ منٹ میں گاڑی کو چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جبکہ ٹیسلا کی سپرچارجر ٹیکنالوجی اس مقابلے میں پیچھے ہے جو 15 منٹ میں صرف 200 میل کی رینج فراہم کرتی ہے۔

سی اے ٹی ایل کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر گاؤ ہوان نے کہا، ’ہم ایک بار پھر کارکردگی کی حدود کو توڑتے ہوئے نئی جہتوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد شین شینگ بیٹری کو الیکٹرک گاڑیوں کے لیے نیا معیار بنانا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ آسان اور آزاد سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔‘

سونا پگھلا کر اکاؤنٹ میں رقم بھیجنے والی چین کی ’گولڈن اے ٹی ایم‘ مشین کے چرچے

سی اے ٹی ایل کی اس پیش رفت کا اعلان ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب صرف ایک ماہ قبل بی وائی ڈی نے اپنی بیٹری ٹیکنالوجی سے ای وی انڈسٹری کو حیران کر دیا تھا۔ ان دونوں کمپنیوں کے درمیان ٹیکنالوجی کی اس دوڑ نے چین کی ای وی مارکیٹ میں جدت اور کم قیمت کے ساتھ شدید مقابلہ پیدا کر دیا ہے۔

نئی ”شین شینگ“ بیٹری کی مکمل صلاحیت 500 میل ہے، جو اسے طویل سفر کے لیے موزوں ترین بنا دیتی ہے۔ اس بیٹری کے ساتھ کمپنی نے ایک نئی سوڈیم آئن بیٹری ”Naxtra“ بھی متعارف کرائی ہے، جسے لیتھیم اور لیڈ ایسڈ بیٹریز کے مقابلے میں زیادہ سستا اور محفوظ قرار دیا جا رہا ہے۔

بنا ڈرائیور کے گڑھوں اور جمپوں پر سے کودنے والی چینی سُپر کار

سی اے ٹی ایل اس وقت دنیا بھر میں الیکٹرک بیٹریز کی سب سے بڑی سپلائر ہے اور مسلسل آٹھویں سال مارکیٹ میں 38 فیصد حصہ کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بی وائی ڈی 17.2 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سی اے ٹی ایل کی بیٹریاں ٹیسلا، بی ایم ڈبلیو، ووکس ویگن اور فورڈ جیسی عالمی کمپنیوں میں استعمال ہو رہی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی شین شینگ بیٹری رواں سال 67 مختلف ای وی ماڈلز میں استعمال ہوگی، جبکہ نیا ”Naxtra“ ماڈل سال کے آخر میں بڑے پیمانے پر پیداوار میں جائے گا۔ سی اے ٹی ایل کے مطابق نیکسٹرا بیٹری ایک چارج میں 310 میل کی رینج دے سکتی ہے، اور سرد موسم میں بھی مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

تھوڑی توانائی، بڑے امکانات، رات کے وقت بجلی بنانے والے سولر پینلز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین پر لگائے گئے ٹیرف سی اے ٹی ایل پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوئے کیونکہ امریکہ میں کمپنی کا کاروبار اس کے کل کاروبار کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پہلے سے ہی متبادل منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور اپنے کلائنٹس کے ساتھ مختلف حل پر بات چیت کر رہی ہے۔

یہ پیش رفت نہ صرف چینی ٹیکنالوجی کی برتری کی علامت ہے بلکہ عالمی ای وی مارکیٹ میں چین کی بڑھتی ہوئی اجارہ داری کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے۔

More

Comments
1000 characters