پاکستان کے معروف اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شیف ذاکر حسین 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شیف ذاکر حسین کا انتقال گزشتہ شب رات 8 بجے ہوا۔ وہ گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور طویل عرصے سے ڈائلسز کروا رہے تھے۔
شیف ذاکر حسین علاج کی غرض سے امریکہ میں مقیم تھے جہاں ڈاکٹروں نے جواب دے دیا تھا، جس کے بعد وہ تقریباً ایک ماہ قبل وطن واپس آگئے تھے۔
ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر جامعہ رشیدیہ، ملیر سعودآباد میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین سعودآباد قبرستان میں عمل میں آئے گی۔
شیف ذاکر حسین 16 فروری 1967 کو پیدا ہوئے۔ کھانے پکانے میں ان کی غیر معمولی مہارت اور ٹی وی پروگرامز میں دلکش انداز نے انہیں گھر گھر مقبول بنایا۔
ذاکر قریشی ایک مشہور پاکستانی شیف تھے جنہوں نے مختلف چینلز پر اپنے لزیز کھانوں کے ذریعے پہچان حاصل کی۔ شیف ذاکر نے اپنے لائیو کوکنگ شوز میں لوگوں کو ہزاروں ترکیبیں سکھائیں۔ وہ پاکستانی کھانوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کھانوں کے بھی ماہر تھے۔
ذاکر قریشی کے پاکستان سمیت بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں کئی مداح موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں، ساتھیوں اور مشہور شخصیات کی جانب سے انہیں تعزیتی پیغامات اور خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
شیف سمیعہ کی جانب سے شیئر کی گئی خبر کے مطابق معروف پاکستانی شیف ذاکر قریشی 58 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ 1967 میں پیدا ہوئے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین اور مداح شیف ذاکر قریشی کی وفات کی خبر سن کر غم میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں۔