دبئی : پاکستان کے مشہور اداکار فواد خان نے اپنی آنے والی بالی ووڈ فلم عبیر گلال کے میوزک لانچ ایونٹ میں دبئی کے گلوبل ولیج میں شرکت کی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ فواد خان کو بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی کے بجائے اپنے وطن کے صف اول فنکاروں کے ساتھ پروجیکٹس کرنے چاہئیں۔
افطار پارٹی دینے والے غیر مسلم بھارتی اداکار کیخلاف فتویٰ جاری
فواد خان نے اس موقع پر مشہور گانا ”کچھ نہ کہو“ اپنی آواز میں پیش کیا، جبکہ فلم کا ٹیزر پس منظر میں دکھایا گیا۔
ان کی کو اسٹار وانی کپور بھی ان کے ہمراہ اسٹیج پر موجود تھیں، اور دونوں نے فلم کے گانے ”خدایا عشق“ پر مختصر پرفارمنس بھی دی۔ تقریب میں شاندار روشنیوں، موسیقی اور مداحوں کے جوش نے ماحول کو جادوئی بنا دیا۔
تاہم، اس دبئی ایونٹ میں فواد خان کی موجودگی نے پاکستان میں کئی مداحوں کو ناراض کر دیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھایا کہ وہ پاکستان میں مہوش حیات یا عائزہ خان جیسے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیوں نہیں کرتے، اور بار بار بالی ووڈ کی جانب کیوں جھکتے ہیں۔
بعض صارفین نے ان پر“کمتری کے احساس“ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے اسٹارز کے ساتھ کام کرنے میں جھجک محسوس کرتے ہیں۔
بھارت میں بھی فواد کی فلم کو مکمل پذیرائی حاصل نہیں ہو رہی۔ سیاسی اور سوشل حلقوں میں ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی باتیں ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے فواد بھارت جا کر فلم کی پروموشن میں حصہ نہیں لے پا رہے۔
یاد رہے کہ عبیر گلال 9 مئی کو ریلیز کی جا رہی ہے، اور یہ فواد خان کی نو سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کا پہلا بڑا پروجیکٹ ہے۔
ان کے چاہنے والے، خصوصاً عالمی سطح پر، فلم کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، لیکن پاکستان میں اس فیصلے پر تقسیم نمایاں ہے۔