معروف پاکستانی اداکار فواد خان ایک بار پھر بالی ووڈ اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔ اس بار وہ نئی فلم ”عبیر گلال“ میں بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ فلم کو 9 مئی 2025 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم، بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی شمولیت پر جاری تنازعے کے باعث فلم کو خاصی مخالفت کا سامنا ہے۔ مہاراشٹر میں احتجاج اور بائیکاٹ کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں، جہاں شدت پسند جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے فلم کی ریلیز روکنے کی دھمکی دی ہے۔

گِٹار سے گلیمر تک: فواد خان کا راک اسٹار سےبالی ووڈ اسٹاربننے کا سفر

ایم این ایس کے رہنما امیہ کھوپکر نے فلم سازوں کو چیلنج دیتے ہوئے کہا:

’ہم پاکستانی فنکاروں پر مشتمل کسی فلم کو مہاراشٹر میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ اگر ہمت ہے تو ریلیز کر کے دکھائیں۔‘

اسی تناظر میں، فلم سازوں نے احتیاطی تدبیر کے طور پر فلم کا میوزک بھارت میں لانچ کرنے کے بجائے دبئی میں لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فلم ’ویلکم‘ کے اداکار کا اکشے کمار کے ملازمین سے بھی کم پیسے ملنے کا انکشاف

19 اپریل کو دبئی کے مشہور گلوبل ولیج میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں فواد خان، وانی کپور اور فلم کے موسیقار امیت ترویدی شریک ہوں گے۔ ترویدی فلم کے چند گانے تقریب میں لائیو پرفارم بھی کریں گے۔

فلم کے قریبی ذرائع کے مطابق، ٹیم نے پہلے ہی سے بھارت میں ممکنہ تنازعے کا اندازہ لگا لیا تھا، اس لیے دبئی جیسے نیوٹرل اور فواد خان کے بڑے فین بیس والے مقام کا انتخاب کیا گیا۔

فلم ”عبیر گلال“ کی ہدایت کاری آرتی ایس بگدی نے کی ہے، جب کہ موسیقی معروف موسیقار امیت ترویدی نے ترتیب دی ہے۔ فلم کا ٹائٹل سونگ ”خُدایا عشق“ حال ہی میں ریلیز ہوا ہے، جسے ارجیت سنگھ اور شلپا راؤ نے گایا ہے۔ یہ گانا سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہو رہا ہے اور شائقین کو بے حد پسند آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ 2016 میں اڑی حملے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ 2023 میں بمبئی ہائی کورٹ نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے ان کی شمولیت کو قانونی قراردے دیا، لیکن بعض انتہا پسند حلقے اب بھی اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

فلم کا پروموشنل شیڈول جاری ہے اور فلم سازوں کا کہنا ہے کہ وہ تمام تر دباؤ کے باوجود اپنی تخلیقی آزادی پر قائم رہیں گے۔

More

Comments
1000 characters