بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں پولیس نے ایک انوکھے اور شاطر گینگ کا پردہ فاش کر دیا ہے، جس میں شامل تین خواتین نے 13 سے زائد نوجوانوں کو شادی کا جھانسہ دے کر لوٹ لیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں خواتین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نقدی اور زیورات برآمد کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق نیرج گپتا نامی ایک شخص نے شکایت درج کروائی کہ پرمود نامی ایک شخص نے اسے اپنی پوتی پوجا سے شادی کروانے کے بہانے ہردوئی رجسٹرار آفس بلایا۔ وہاں رسمی کارروائی کے بعد نیرج کی شادی پوجا سے کروا دی گئی۔ شادی کے فوری بعد نیرج نے حسبِ روایت اپنی نئی نویلی دلہن کو نقد رقم اور زیورات سپرد کر دیے، مگر دلہن پوجا اور اس کا نام نہاد دادا پرمود چند ہی گھنٹوں میں غائب ہو گئے۔
بھارت: شادی کی تصویر بنانا مہنگا پڑ گیا، دلہن کے جھلسنے کی ویڈیو وائرل
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پوجا عرف سونم، آشا عرف گڈی، اور سنیتا کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ خواتین ریاست بھر میں نوجوان غیر شادی شدہ مردوں کو نشانہ بنا کر فرضی شادیاں رچاتیں، اور بعد ازاں قیمتی سامان اور نقد رقم لے کر فرار ہو جاتیں۔
بھارت : دلہن کی شادی ہال میں غبارے میں بیٹھ کر انٹری ، ویڈیو وائرل
پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کے مزید افراد کی تلاش جاری ہے اور جلد ہی اس فراڈی نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔