پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے دوران شائقین کی اسٹیڈیم میں کم تعداد سوشل میڈیا پر بھرپور بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ خالی اسٹینڈز نہ صرف کھلاڑیوں کے حوصلے پر اثرانداز ہو رہے ہیں بلکہ اسپانسرز کے لیے بھی یہ ایک تشویش ناک پہلو بن چکا ہے۔
پی ایس ایل کے ابتدائی میچز راولپنڈی اور کراچی میں منعقد ہوئے، لیکن حیرت انگیز طور پر کوئی بھی میچ ”ہاؤس فل“ نہ ہو سکا۔ کراچی کنگز کے ہوم گراؤنڈ پر بھی مداحوں کی عدم شرکت نے توجہ حاصل کی۔
شاہ رخ خان میرے ابو کے بہت بڑے مداح ہیں، ربیکہ خان کا انکشاف
مداحوں کو اسٹیڈیم کی جانب راغب کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک دلچسپ اقدام اٹھایا ہے۔ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ہر میچ کے دوران ٹکٹ ہولڈرز کے درمیان قرعہ اندازی کے ذریعے موٹرسائیکل دی جائے گی۔
شائقین اپنے ٹکٹ پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے قرعہ اندازی میں شامل ہو سکتے ہیں، اور خوش نصیب فاتح کو ہر میچ میں ایک نئی موٹرسائیکل دی جائے گی۔
آئی پی ایل میچ کے دوران ریت کے طوفان نے تباہی مچا دی، کپتان چیختے رہ گئے
اداکار اور یوٹیوبر ارسلان نصیر، جو اپنے بے باک اور مزاحیہ تبصروں کے لیے مشہور ہیں، نے حالیہ خالی اسٹیڈیمز پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر کہا:
”کراچی کے میچ میں تین موٹرسائیکلیں رکھ دو، ’جیتو پاکستان‘ کی طرز پر، گراؤنڈ بھر جائے گا!“
اگرچہ ان کا تبصرہ طنز پر مبنی تھا، لیکن پی سی بی نے اِس ’کڑوی حقیقت‘ کو سنجیدہ لیا اور عوام کو لانے کے لیے انعامی حکمت عملی اپنا لی۔
ارسلان نصیر نے دراصل اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ لوگ انعامات والے شوز میں تو بھرپور شرکت کرتے ہیں، لیکن اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم نہیں آتے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ موٹرسائیکل کی کشش پی ایس ایل میں شائقین کو اسٹیڈیم کی طرف لانے میں کس حد تک کامیاب ہوتی ہے۔