انسان کے سر پر کتنے بال ہوتے ہیں، یہ جاننے کے لیے نوجوان نے اپنا سر منڈوا لیا۔

دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو ناممکن کو ممکن بنانے کے لیے اپنے تئیں کوئی نہ کوئی کارنامہ انجام دینے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں، ایسا ہی اس نوجوان نے بھی کیا اور اپنے سر کے بال گننے کے لیے گنجا ہو گیا۔

انسٹا گرام پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک نوجوان کو سر کے بال گننے کے لیے اپنا سر مونڈتے اور پھر ہر بال کو الگ الگ گنتے دکھایا گیا ہے۔

یہ ویڈیو جو کئی دن تک بنا کر ایڈٹ کرنےکے بعد مختصراً انسٹا گرام کے اکاؤنٹ ’’کنٹری مین‘‘ پر شیئر کی گئی ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک نوجوان برقی مشین کے ذریعہ گنجا ہوتا ہے اور پھر اپنے سر کے بالوں کو گننے کا محنت طلب کام کرتا ہے۔

نوجوان کے مطابق اس نے کئی روز تک یومیہ 10 سے 12 گھنٹے اپنے بال گننے کا کام کیا اور پھر دعویٰ کیا کہ اس کے سر پر 91 ہزار 300 بال ہیں۔

اس نے گنتی کو یاد رکھنے کے لیے مخصوص ہندسوں تک پہنچنےپر اس کی پتھر سے کاؤنٹنگ کی اور مخصوص گنتی تک پہنچنےکے بعد ایک پتھر ٹوکری میں ڈالتا رہا۔

مذکورہ نوجوان کے مطابق اس نے اپنے اس عمل کو درج کرانے کے لیے لمکا بک آف ریکارڈ اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا لیکن وہاں سے کوئی مثبت جواب نہ ملا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں جبکہ مذکورہ ویڈیو کو اب تک تقریباً 15 ملین ویوز مل چکے ہیں۔

کچھ صارفین نے نوجوان کے بالوں کی گنتی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم کیسے یقین کر سکتے ہیں کہ آپ کی گنتی درست ہے؟

دوسری جانب اکثر صارفین نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے نوجوان کے مشغلے کو اس کی بیروزگاری سے جوڑ دیا۔

More

Comments
1000 characters