بالی وڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار نے حالیہ پریس کانفرنس میں اپنی سماجی موضوعات پر مبنی فلموں پر ہونے والی تنقید کا دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی فلموں کو ناپسند کرنے والا یقیناً بیوقوف ہی ہو سکتا ہے۔
اکشے کمار کی یہ بات چیت اس وقت سامنے آئی جب فلم ’کیسری: چیپٹر 2‘ کی پروموشن کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ بالی وڈ کی کچھ شخصیات ان کی فلموں پر تنقید کر رہی ہیں، خاص طور پر سماجی پیغام رکھنے والی فلموں جیسے ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ’پیڈ مین‘۔
”ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے“ ابھیجیت کا ایک بار پھر شاہ رخ خان پر طنزیہ وار
سوال کے جواب میں اکشے کمار نے واضح الفاظ میں کہا کہ، ”مجھے نہیں لگتا کہ کسی نے میری فلموں پر تنقید کی ہے، اور اگر ایسا ہوا ہے تو یقیناً وہ کوئی احمق ہوگا۔“
اکشے نے مزید کہا، ”میں نے پیڈ مین، ٹوائلٹ؛ ایک پریم کتھا، ایئر لفٹ، کیسری، اب کیسری 2 جیسی فلمیں بنائی ہیں جو سماجی مسائل پر روشنی ڈالتی ہیں۔ میں نے یہ فلمیں دل سے بنائی ہیں اور ان کے پیچھے مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ لوگوں کو کچھ سکھانا بھی تھا۔“
شاہ رخ کے والد نے عامرخان کے پردادا کے خلاف الیکشن لڑا، ماجرا کیا ہے؟
واضح رہے کہ اکشے کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ جیا بچن نے فلم ’ٹوائلٹ؛ ایک پریم کتھا‘ کے عنوان کو ”غیر مناسب“ اور فلم کو فلاپ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
جب ایک صحافی نے اس حوالے سے اکشے کمار کو جیا بچن کی رائے یاد دلائی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: ”اگر انہوں نے کہا ہے تو صحیح کہا ہوگا، مجھے نہیں پتہ۔ لیکن اگر میں نے ٹوائلٹ جیسی فلم بنا کر کوئی غلط کام کیا ہے، تو پھر وہ ٹھیک ہی ہوں گی۔“
اکشے کمار کے اس بے باک بیان پر سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ اکشے نے ہمیشہ ان موضوعات پر فلمیں کی ہیں جن پر باقی فنکار بات کرنے سے بھی کتراتے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ پر تنقید کرتے ہوئے اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ جیا بچن نے حالیہ ایک تقریب میں حاضرین سے سوال کیا کہ کیا وہ ایسی فلم کا نام سن کر سینما جائیں گے؟
تقریب کے دوران جب ایک مقرر نے سماجی پیغام پر مبنی فلموں کی مثال کے طور پر اس فلم کا حوالہ دیا، تو جیا بچن نے طنزیہ انداز میں کہا، ”یہ بھی کوئی ٹائٹل ہے؟ ٹوائلٹ ایک پریم کتھا؟“ انہوں نے سامعین سے ہاتھ اٹھا کر رائے مانگی، اور کچھ افراد کے ردعمل پر فوری تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ”یہ فلم فلاپ تھی۔“
ان کے اس بیان پر فلم کی شریک پروڈیوسر پرینا اروڑہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جیا بچن کا یہ تبصرہ ”انتہائی افسوسناک“ ہے۔
پرینا کے مطابق، فلم ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا نہ صرف باکس آفس پر کامیاب رہی بلکہ 2017 کی پانچ بڑی ہٹ فلموں میں بھی شامل تھی۔ انہوں نے جیا بچن کو مشورہ دیا کہ وہ فلم کے باکس آفس اعداد و شمار دیکھیں تاکہ حقائق واضح ہوں۔