دنیا کی سب سے پتلی عمارت پر موجود فلیٹ برائے فروخت، خریدنے کا سوچنے سے پہلے بس قیمت جان لیں
دنیا کی سب سے پتلی فلک بوس عمارت ”اسٹین وے ٹاور“ کے بلند ترین حصے میں واقع ایک شاندار اور پرتعیش پینٹ ہاؤس، جسے پینٹ ہاؤس 80 کے نام سے جانا جاتا ہے، نیویارک شہر میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ اس کی مانگی گئی قیمت 110 ملین ڈالر یعنی تقریباً 31 ارب پاکستانی روپے ہے، جو اسے اس وقت نیویارک کی سب سے مہنگی رہائش گاہ بنا دیتی ہے۔
’اسٹین وے ٹاور‘ کا منفرد اعزاز یہ ہے کہ اس کی چوڑائی کے مقابلے میں اونچائی کا تناسب 1:24 ہے، جو کہ دنیا کی کسی بھی دوسرے فلک بوس عمارت سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ ٹاور نیویارک کے مشہور علاقے ’بِلینیئرز رو‘ میں واقع ہے، جہاں صرف امیر ترین افراد کی رہائش گاہیں ہوتی ہیں۔
دنیا کی سب سے لگژری عمارت ’برج خلیفہ‘ میں سب سے سستے فلیٹ کی قیمت کیا؟
پینٹ ہاؤس 80 چار مکمل فلورز (80 سے 83 ویں منزل تک) پر مشتمل ہے، جس کا کل رقبہ 11,480 مربع فٹ ہے۔ یہ نادر و نایاب رہائش گاہ نہ صرف اپنی اونچائی بلکہ اپنی فنِ تعمیر اور اندرونی تزئین و آرائش کی وجہ سے بھی منفرد حیثیت رکھتی ہے۔
پینٹ ہاؤس میں ، پانچ خوبصورت بیڈرومز، چھ جدید باتھ رومز، 618 مربع فٹ کی کھلی چھتیں، ایک شاندار 82 فٹ طویل سوئمنگ پول اور دلکش باغیچہ اور اوپن ٹیرس شامل ہیں۔
سعودی عرب میں حیرت انگیز عمارت کی تعمیر کا منصوبہ کب مکمل ہوگا؟
ہر فلور کو ایک خاص مقصد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جیسے کہ ’انٹرٹینمنٹ سوئٹ‘، ’پرائمری سوئٹ‘، اور ’کراؤن سوئٹ‘ جس میں بار اور اسکریننگ روم بھی شامل ہے۔
یہ شاہکار رہائش گاہ ’اسٹوڈیو سوفیلڈ‘ نے ڈیزائن کی ہے اور اس کی اندرونی سجاوٹ میں ماربل، بلیک اسٹیل، مخملی کپڑا، اور پابلو پیکاسو کے نایاب فن پارے شامل کیے گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پینٹ ہاؤس دراصل دو ڈوپلیکس یونٹس کو جوڑ کر بنایا گیا ہے، تاکہ امیر طبقے کی خصوصی ضروریات اور ذوق کے مطابق ایک وسیع اور شاہانہ رہائش فراہم کی جا سکے۔
دبئی دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت کی میزبانی کیلئے بھی تیار
’پینٹ ہاؤس 80‘ نہ صرف ایک رہائش گاہ ہے بلکہ یہ ایک طرزِ زندگی، ایک خواب، اور فن و فنِ تعمیر کا حسین امتزاج ہے۔ نیویارک جیسے مصروف اور مہنگے شہر میں اس طرح کی رہائش صرف انہی افراد کے حصے میں آتی ہے جو دنیا کی دولت اور شہرت کے عروج پر ہوتے ہیں۔
Comments are closed on this story.