شہرت کی بلندیوں کو چھوتی جنوبی بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا نے حال ہی میں اپنی 29ویں سالگرہ عمان میں منائی، جہاں وہ ساحل سمندر کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو رہی تھیں۔
پشپا اسٹار نے انسٹاگرام پر اپنی سالگرہ کی چند تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ ریت پر بیٹھ کر پوز دیتی نظر آئیں، جبکہ پس منظر میں غروب آفتاب تھا۔
شاہ رخ خان کا خود پر 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کرنے والے اداکار کو خراج تحسین
رشمیکا نے ان تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا، ”کچھ ساحل، کچھ ریت، کچھ غروب آفتاب، کچھ پھول اور بہت ساری مسکراہٹیں۔ آپ کی محبت اور نیک خواہشات کا شکریہ۔ آپ سب بہترین ہیں! میں آج کی پیاری ڈائری کل آپ کو دکھاؤں گی۔“
تاہم، سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے جلد ہی یہ قیاس کرنا شروع کر دیا کہ رشمیکا عمان میں اکیلی نہیں تھیں، بلکہ وہ اپنے بوائے فرینڈ، اداکار وجے دیوراکونڈا کے ساتھ اپنی سالگرہ منا رہی تھیں، جنہیں رشمیکا نے کبھی بھی اپنے پارٹنر کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔
یہ قیاس آرائیاں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب وجے دیوراکونڈا نے بھی ساحل سے ایسی ہی تصاویر شیئر کیں، جس سے مداحوں کا خیال تھا کہ دونوں ایک ساتھ عمان میں ہیں۔ اس پوسٹ نے یہ واضح کر دیا کہ دونوں اداکار ایک ہی مقام پر تھے، جس سے مداحوں کا ماننا تھا کہ رشمیکا نے اپنی سالگرہ وجے کے ساتھ منائی۔
دونوں اداکاروں کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں واضح مماثلت نے مداحوں کو یہ قیاس کرنے پر مجبور کردیا کہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا عمان میں ایک ساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں۔
یاد رہے کہ رشمیکا اور وجے کو ماضی میں بھی کئی بار ایک ساتھ دیکھا گیا ہے، اور ان کی دور سے لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ تاہم، ابھی تک اداکارہ نے اپنے اور وجے کے تعلقات کے حوالے سے کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔
کام کے محاذ پر، رشمیکا آخری بار سلمان خان کے ساتھ فلم ”سکندر“ میں نظر آئیں، جبکہ وجے دیوراکونڈا نے کالکی 2898 AD میں مختصر کردار ادا کیا۔ اگرچہ دونوں کی ذاتی زندگیوں کو وہ نجی رکھنا پسند کرتے ہیں لیکن ان کا تعلق ابھی بھی مداحوں کی دلچسپی کا باعث ہے۔