عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم سکندر کو جہاں باکس آفس پر توقعات کے مطابق پذیرائی نہ مل سکی، وہیں فلم کی ناکامی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نیا محاذ کھل گیا۔ اس محاذ پر سب سے نمایاں شخصیت بن کر سامنے آئیں فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کی اہلیہ، وردہ خان، جنہوں نے تنقید کا سامنا کرتے ہوئے بھرپور ردعمل دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پرکچھ مداحوں نے فلم سے مایوسی کا اظہار کیا اور پروڈیوسرز پر سخت اعتراضات اٹھائے تو وردہ خان نے اس کا بھرپور دفاع کیا۔ ابتدا میں انہوں نے سکندر کے مثبت پہلو اجاگر کرنے کی کوشش کی، لیکن جلد ہی بات تلخ کلمات اور ذاتی حملوں تک جا پہنچی۔

سلمان خان کے کچھ مداحوں نے فلم کی ناکامی کا ذمہ دار پروڈیوسرز کو ٹھہرایا، یہاں تک کہ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’جب تک تم سلمان خان کا کیریئر برباد نہیں کر لیتے، تم لوگ باز نہیں آؤ گے؟‘ ایک اور صارف نے وردہ پر براہِ راست تنقید کرتے ہوئے سوال کیا، ’آپ اتنی بے شرم کیسے ہو سکتی ہیں؟‘

سلمان خان کی ’سکندر‘ کی بدترین ناکامی، ذمہ دار کون؟

ایسے طنزیہ تبصروں کا جواب دیتے ہوئے وردہ خان نے سخت اور بعض جگہوں پر نامناسب زبان استعمال کی۔ ایک ٹرولر کے ’جاہل عورت‘ کہنے پر انہوں نے جواباً طنز کیا، ’جلد صحت یاب ہو جاؤ۔‘ اسی قسم کے دیگر تبصروں کا بھی انہوں نے شدت سے جواب دیا، جس کی بنا پر یہ لفظی جھڑپ وائرل ہو گئی۔

اس بحث کے اسکرین شاٹس ریڈ اٹ سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے لگے۔ اگرچہ بعد میں وردہ نے اپنے کئی اشتعال انگیز تبصرے حذف کر دیے، مگر تب تک وہ توجہ کا مرکز بن چکی تھیں۔

ریڈ اٹ پر صارفین کی آراء منقسم نظر آئیں۔ کچھ نے وردہ کے رویے کو ’نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ‘ قرار دیا، جبکہ دیگر نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی ناکامی کا اصل ذمہ دار سلمان خان خود ہیں، کیونکہ انہوں نے ہی اسکرپٹ اور ہدایتکار کا انتخاب کیا تھا۔

ایک صارف نے لکھا، ’وردہ کا فلم کے تخلیقی پہلوؤں سے کوئی تعلق نہیں، یہ مکمل طور پر سلمان خان کا فیصلہ تھا کہ کس کہانی اور ہدایتکار کو چنا جائے، مداحوں کو یہ سمجھنا ہوگا۔‘

تنازع کے باوجود، وردہ خان فلم سکندر کی حمایت میں سرگرم ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک مداح کی پوسٹ ری شیئر کی جس میں لکھا تھا، ’سکندر نے فینز کے دل جیت لیے، یوہو‘ اسی طرح فلم کی ممکنہ باکس آفس کمائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، ’نوجوانوں کا زبردست ردعمل۔‘

دیوانوں کی کمی نہیں، ایک مداح نےفلم ’سکندر‘ کے ایک لاکھ 72 ہزار کے ٹکٹ خرید کر بانٹ دیئے

جہاں تک فلم کے بزنس کا تعلق ہے، سکندر نے ریلیز کے پہلے دن 26 کروڑ روپے کا آغاز کیا، لیکن منفی ریویوز کے باعث فلم کی رفتار میں کمی دیکھنے کو ملی۔ تاہم، چار دنوں میں اس نے بھارت میں 84 کروڑ اور دنیا بھر سے تین دنوں میں 141.15 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔

یقیناً یہ بحث فلم کی کامیابی یا ناکامی سے بڑھ کر ایک بڑا سوال کھڑا کرتی ہے، کیا مداحوں کی تنقید کے جواب میں تخلیق کاروں کو دفاعی یا جارحانہ ہونا چاہیے؟ یا بہتر یہی ہے کہ خاموشی اختیار کی جائے اور وقت کو فیصلے کا اختیار دیا جائے؟

More

Comments
1000 characters