ہر دلعزیزپاکستانی اداکار فواد خان ایک بار پھر بالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں، اور اس بار ان کی نئی رومانوی فلم عبیر گلال کی بدولت وہ ہندوستانی سینما گھروں کی زینت بنیں گے۔
فواد خان اس فلم میں بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔ فواد خان کی آخری بالی ووڈ فلم اے دل ہے مشکل تھی، جو کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بنائی گئی تھی۔
فلم عبیر گلال کا پہلا ٹیزر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے، جس میں فواد خان کو وانی کپور کے ساتھ کلاسک بالی ووڈ گانے کچھ نہ کہو پر رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا جس نے مداحوں میں بے پناہ جوش و خروش پیدا کر دیا۔
فلم کی شوٹنگ لندن کے دلکش پس منظر میں کی گئی ہے، اور اس کا پہلا پوسٹر بھی شیئر کیا گیا تھا۔ میکرز کا کہنا ہے کہ فواد خان کے عالمی مداحوں کی بڑی تعداد ہے، اور انہیں امید ہے کہ عبیر گلال کے ذریعے مداحوں کو ان کے پسندیدہ اداکار کا دلکش کردار دیکھنے کا موقع ملے گا۔
فلم کے ہدایتکار آرتی ایس بگدی نے بتایا کہ اس فلم کی کہانی دو افراد کے سفر کے گرد گھومتی ہے، جو غیر ارادی طور پر ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتے ہیں اور یہی عمل محبت کے جذبات کو جنم دیتا ہے۔
فواد خان کا بالی ووڈ میں آغاز 2014 میں فلم خوبصورت سے ہوا تھا، جس میں انہوں نے سونم کپور کے ساتھ اداکاری کی۔ اس کے بعد فواد خان نے کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد فواد خان سمیت دیگر پاکستانی فنکاروں پر بالی ووڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جو اب واپس لے لی گئی ہے۔
اب فواد خان عبیر گلال کے ذریعے بالی ووڈ میں اپنے مداحوں کے درمیان واپس آ رہے ہیں۔ فلم کا ٹیزر 1 اپریل کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا، جس میں فواد خان اور وانی کپور ایک کار میں خوابیدہ نظروں سے ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہیں۔ اس ویڈیو نے مداحوں کو خوشی کا پیغام دیا کہ ان کی پسندیدہ جوڑی دوبارہ بڑی اسکرین پر نظر آئے گی۔
فلم کی ریلیز 9 مئی کو سینما گھروں میں متوقع ہے، اور اس کے ساتھ ہی فواد خان کی انٹری بالی ووڈ میں دوبارہ ان کے پرستاروں کے لیے خوشی کا باعث بننے والی ہے۔
عبیر گلال کی کہانی لندن کی خوبصورت گلیوں میں پروان چڑھتی محبت، ہنسی، اور دل کو چھو لینے والے لمحوں کا امتزاج پیش کرے گی۔
فلم میں فواد خان اور وانی کپور کے علاوہ لیزا ہیڈن، رِدھی ڈوگرا، فریدہ جلال، سونی رضا اور دیگر اداکار بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم کا ہدایتکاری کے فرائض آرتی بگدی نے نبھائے ہیں اورپروڈکشن میں وویک بی اگروال، اونتیکا ہری اور راکیش سپی شامل ہیں۔