معروف بھارتی اداکارہ شومونا چکرورتی، جو کپل شرما شو میں کپل کی بیوی کا کردار نبھانے کی وجہ سے مشہور ہیں، انہوں نے حالیہ انٹرویو میں شو پر لگنے والے خواتین مخالف رویے کے الزامات کا دفاع کیا اور کپل شرما کے ساتھ اختلافات کی خبروں پر وضاحت دی۔

انڈین ایکسپریس سے گفتگو میں شومونا نے بتایا کہ ان کے دوست اور قریبی لوگ اکثر ان سے سوال کرتے تھے کہ ’تم اتنے خواتین مخالف شو میں کیسے کام کر سکتی ہو؟‘

اس پر انہوں نے کہا، ’یہ صرف ایک شو ہے! یہ ایک اسکرپٹڈ شو ہے! لوگ سمجھنے کی کوشش کریں کہ یہ حقیقت اور کردار کے درمیان فرق ہے۔ کپل، شومونا کی توہین نہیں کر رہا، بلکہ بٹو اور منجو نامی کرداروں کے درمیان مکالمہ چل رہا ہوتا ہے۔ یہ وہی چیز ہے جو ہمارے معاشرے میں عام طور پر دیکھی جاتی ہے۔ ہاں، ایک اداکار پر کچھ ذمہ داری ضرور عائد ہوتی ہے، لیکن یہ اصل زندگی میں لاگو ہوتی ہے، نہ کہ اسکرین پر کسی کردار کو نبھانے میں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر میں حقیقی زندگی میں کسی غلط حرکت جیسے چوری میں پکڑی جاؤں، تو ظاہر ہے کہ یہ ایک بری مثال ہوگی، لیکن لوگوں کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ حقیقت اور اداکاری میں فرق ہوتا ہے۔‘

دی گریٹ انڈین کپل شو کا حصہ نہ ہونے پر وضاحت

شومونا چکرورتی نے وضاحت کی کہ وہ نیٹ فلکس پر آنے والے ”دی گریٹ انڈین کپل شو“ کا حصہ کیوں نہیں ہیں۔ ان کے مطابق، ’یہ کوئی علیحدگی یا ناراضی نہیں تھی۔ ہم نے مختلف نیٹ ورکس پر 10 سال تک ایک شاندار سفر گزارا۔ بیشتر شادیاں بھی 10 سال تک نہیں چل پاتیں، لیکن ہماری آن اسکرین شادی چلتی رہی (ہنستے ہوئے)۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہر سال جون یا جولائی میں ہمارا شو بریک پر جاتا تھا۔ 2023 میں سونی ٹی وی پر ہمارا آخری سیزن ختم ہوا۔ پھر کپل امریکہ کے ٹور پر چلا گیا اور اچانک میں نے سنا کہ وہ نیٹ فلکس پر شو کر رہا ہے۔ لیکن ہم نے اس حوالے سے کبھی بات ہی نہیں کی، نہ کوئی فون کال ہوئی، نہ ہی کوئی بحث‘

شومونا چکرورتی کا کیریئر

شومونا نے عامر خان اور منیشا کوئرالا کی فلم ”من“ میں ایک چھوٹے کردار سے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے مشہور ڈرامے ”قسم سے“ میں کام کیا اور ”سپنوں سے بھرے نینا“، ”بڑے اچھے لگتے ہیں“، ”یہ ہے عاشقی“، اور ”جمائی راجا“ جیسے کئی دیگر ٹی وی سیریلز میں جلوہ گر ہوئیں۔ حال ہی میں وہ روہت شیٹی کے اسٹنٹ بیسڈ ریئلٹی شو ”خطروں کے کھلاڑی 14“ میں نظر آئیں۔

More

Comments
1000 characters