آج نیوز کی رمضان اسپیشل ٹرانسمیشن میں رسولِ خدا ﷺ کے فرامین پر روشنی ڈالی گئی اور غذا میں احتیاط برتنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس نشست میں صحت مند خوراک کے اصولوں اور متوازن غذا کے فوائد پر زور دیا گیا۔ آغا عباس صاحب نے کھانوں میں احتیاط برتنے کی تلقین کرتے ہوئے خاص طور پر چٹ پٹے اور زیادہ مرچ مسالے والے کھانوں سے پرہیز کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنی رنگت کو سرخ و سفید اور جلد کو صاف ستھرا رکھنا چاہتے ہیں، انہیں تیز مرچ مصالحے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
انہوں نے مختلف ممالک کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ترکی میں لوگ مرچ مسالے کم استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی رنگت سرخ و سفید ہوتی ہے۔ اسی طرح، ایران میں بھی مصالحے دار کھانے زیادہ نہیں کھائے جاتے اور وہاں کے لوگ بھی صاف شفاف جلد کے مالک ہوتے ہیں۔ اسی طرح، مصر میں بھی کھانوں میں زیادہ مصالحہ نہیں ڈالا جاتا اور وہاں کے لوگوں کی رنگت بھی چمکدار اور صاف نظر آتی ہے۔
اچھی صحت خدا کا ایک انمول تحفہ ہے اس کی حفاظت کیسے کریں
آغا عباس صاحب نے گفتگو کے دوران ایک اہم واقعہ بھی شیئر کیا، جس میں گائے کے دودھ کی افادیت اور اس کی شفا بخشی کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بوڑھا اور لاغر شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی کہ وہ زیادہ عمر کا نہیں ہے، لیکن کمزوری کے سبب ہڈیوں کا ڈھانچہ بن چکا ہے۔ اس شخص نے رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا کہ وہ کیا کھائے اور کیا کرے تاکہ وہ دوبارہ جوانوں کی طرح صحت مند اور توانا ہو جائے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے اس شخص کو گائے کا دودھ پینے کی ہدایت فرمائی۔ جب اس شخص نے اس مشورے پر صحیح طریقے سے عمل کیا تو کچھ ہی عرصے بعد وہ فربہ اور تندرست ہوگیا۔ وہ دوبارہ رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور نہایت شکر گزار ہوا کہ آپ ﷺ کے فرمان کی برکت سے وہ دوبارہ فربہ، صحتمند، جوان اور توانا ہوگیا۔
تین لاعلاج بیماریوں کو ٹھیک کرنے کا ایک واحد طریقہ
یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہمیں رسولِ خدا ﷺ کے فرامین پر غور کرنا چاہیے اور ان پر عمل کرنا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عقل اور شعور دیا ہے تاکہ ہم چیزوں پر تدبر کر سکیں۔ نبی اکرم ﷺ کے فرمودات پر عمل کر کے ہم اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا سکتے ہیں۔ ہمیں اپنی زندگی میں تبدیلی لانی ہوگی، کیونکہ یہی ایک کامیاب زندگی گزارنے کی ضمانت ہے۔