پوری دنیا جانتی ہے کہ اگر باکسنگ میں سب سے طاقتور گھونسا مارنے کی بات کی جائے تو مائیک ٹائسن اور محمد علی جیسے لیجنڈز کا نام ذہن میں آتا ہے، لیکن اگر زمین پر موجود سب سے طاقتور ترین گھونسا مارنے والی مخلوق کا ذکر ہو تو یہ کسی انسان کے بس کی بات نہیں۔
ماہرین کے مطابق زمین پر سب سے زیادہ طاقتور گھونسا مارنے والی مخلوق کوئی انسان نہیں بلکہ ایک سمندری جانور ہے جسے مینٹس شرمپ کہا جاتا ہے، جس کا گھونسا 50 میل فی گھنٹہ (80 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے حرکت کرتا ہے۔
مینٹس شرمپ کی ضرب .22 کیلیبر گولی جتنی طاقت رکھتی ہے اور یہ اتنی شدید ہوتی ہے کہ یہ موٹے شیشے اور کچھ جانوروں کے سخت خول کو بھی توڑ سکتی ہے۔
مینٹس شرمپ کے اگلے بازو خاص طور پر ایسے بنے ہوتے ہیں کہ وہ بغیر کسی نقصان کے زوردار ضرب لگا سکتے ہیں۔ یہ اپنی اس مہارت کو شکار کرنے اور اپنے دفاع کے لیے استعمال کرتا ہے۔
جب مینٹس شرمپ گھونسا مارتا ہے تو پانی میں ایک خاص ”کویٹیٹیشن بلبس“ پیدا ہوتا ہے، جو نہ صرف شکار کو جھٹکا دیتا ہے بلکہ پانی میں چھوٹے پیمانے پر روشنی اور حرارت بھی پیدا کرتا ہے۔ یہ اتنی شدت رکھتا ہے کہ چھوٹے آبی جانور فوراً بے ہوش یا ہلاک ہو جاتے ہیں۔