بالی ووڈ کے معروف کامیڈین اور سینئر اداکار جگدیپ کا کیریئر تقریباً سات دہائیوں پر محیط تھا، جس میں انہوں نے 400 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
81 سال کی عمر میں 8 جولائی 2020 کو اس دنیا سے رخصت ہونے والے جگدیپ کو یادگار پرفارمنس دینے والے ایک کامیڈین کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
جگدیپ کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا، اور وہ 29 مارچ 1939 کو مدھیہ پردیش کے شہر دتیا میں پیدا ہوئے۔ فلموں میں اپنے سفر کا آغاز 1951 میں انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کیا تھا۔
ڈیوڈ وارنر نےبھارتی فلم میں ڈیبیوکے لیے کتنا معاوضہ وصول کیا؟ جان کر حیران رہ جائیں گے
ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ اُس وقت آیا جب انہوں نے 1975 کی بلاک بسٹر فلم شعلے میں سورما بھوپالی کا کردار ادا کیا، جو ان کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوا۔ اس کے بعد راج کمار سنتوشی کی کامیاب فلم انداز اپنا اپنا میں بھی ان کا کردار مداحوں کے دلوں میں بس گیا۔
اپنے کیریئر کے دوران جگدیپ نے آر پار (1954)، کھلونا (1970)، گورا اور کالا (1972)، قربانی (1980)، شہنشاہ (1988)، پھول اور کانٹے (1991) اور چائنا گیٹ (1998) جیسی اہم فلموں میں اپنے کرداروں سے منفرد شناخت بنائی۔
جگدیپ کی زندگی کا آغاز بہت ہی مشکل حالات سے ہوا تھا۔ ایک بیرسٹر کے بیٹے جگدیپ نے اپنے والد کی وفات کے بعد سڑکوں پر صابن، کنگھی اور پتنگیں بیچ کر روزگار کمایا۔ تاہم، ان کی اداکاری کی دنیا میں انٹری نے ان کی تقدیر بدل دی اور وہ ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے کامیڈین بن گئے۔
ذاتی زندگی کی بات کریں تو جگدیپ نے تین شادیاں کیں۔ ان کی پہلی بیوی نسیم بیگم سے ان کا ایک بیٹا حسین تھا، جو 2009 میں انتقال کر گیا۔ ان کے دو بیٹیاں ثریا اور شکیلہ ہیں۔
اس کے بعد انہوں نے صغرا بیگم سے شادی کی جس سے ان کے دو بیٹے جاوید جعفری اور نوید جعفری ہوئے۔ جگدیپ کی تیسری شادی ناظمہ سے ہوئی جس سے ان کی ایک بیٹی مسکان جعفری ہے۔
جگدیپ کی وراثت ہندوستانی سنیما کے ایک اہم حصہ کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گی، اور ان کی کامیڈین کے طور پر دی گئی یادگار پرفارمنسز آج بھی مداحوں کے دلوں میں موجود ہیں۔