بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کا شمار ایشیا کے بڑے ستاروں میں ہوتا ہے اور وہ گزشتہ 30 سال سے بالی ووڈ پر راج کر رہے ہیں۔ ان کی فلمیں نہ صرف بھارت میں بلکہ پاکستان میں بھی بڑی ہٹ ہیں، اور ان کی پاکستانی فالوونگ بھی بے پناہ ہے۔
سلمان خان کی فلموں نے پاکستان میں باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ وہ اپنی آنے والی فلم سکندر کے ساتھ عید پر واپسی کے لیے تیار ہیں اور اس وقت اپنی فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
پاکستانی فنکاروں کا بالی ووڈ میں آنا 2016 میں سیاسی حالات کی وجہ سے مشکل ہوگیا تھا، جب بھارتی حکومت نے پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس کے بعد پاکستانی اداکاروں کی بھارت میں فلموں میں شرکت نہ ہونے کے برابر رہی ہے، تاہم کچھ چھوٹے تعاون ہوئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں فواد خان اور ہانیہ عامر جیسے اداکاروں کا بھارتی پروجیکٹس پر کام کرنے کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
سلمان خان نے حال ہی میں پاکستانی فنکاروں کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ سکندر کی تشہیر کے دوران پریس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دبنگ اسٹار نے کہا کہ وہ پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، اور یہ کہ اگر پاکستانی اداکاروں کو بھارتی حکومت ویزے جاری کرتی ہے تو ان کو اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
سلمان خان نے واضح کیا کہ پاکستانی اداکار کوئی دہشت گرد نہیں ہیں کہ انہیں ویزا نہ دیا جائے، بلکہ وہ بھی فنکار ہیں اور فن کا کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
سلمان خان نے اپنی بات چیت میں مزید کہا کہ اگر بھارتی حکومت پاکستانی اداکاروں کو ویزے نہیں دیتی تو پھر وہ کرکٹ کھیلنے کا سوچیں گے، جو کہ ایک مذاق کے طور پر کہا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 2016 سے بھارتی حکومت نے پاکستانی اداکاروں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر رکھی ہے، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان فنون لطیفہ کا تبادلہ تقریباً رک گیا ہے۔ سلمان خان نے اس پابندی کے خلاف اپنی آواز بلند کی تھی اور اب بھی وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔