’میں بیوقوف تھا‘۔۔۔ اپنی حرکت سے خوابوں کی نوکری کھو دینے والا شخص دوسروں کیلئے سبق بن گیا
حالیہ مہینوں میں، ”ریڈِٹ“ ملازمین کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم بن گیا ہے جہاں وہ اپنی ملازمتوں میں پیش آنے والی مشکلات اور دفتر کے مسائل پر کھل کر بات کر سکتے ہیں۔ متعدد سب ریڈیٹس ایسے سامنے آئے ہیں جہاں لوگ اپنی کہانیاں گمنام طریقے سے شیئر کرتے ہیں اور ان لوگوں سے جڑتے ہیں جو انہی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہی میں سے ایک شخص نے اس پلیٹ فارم پر اعتراف کیا ہے کہ رات دیر تک جاگنے اور سوشل میڈیا پر بے مقصد اسکرولنگ کی عادت نے اسے اس کی ”خوابوں کی نوکری“ سے محروم کر دیا۔
اس شخص نے اپنی پوسٹ میں خود کو ”بیوقوف“ قرار دیا اور اعتراف کیا کہ یہ اس کی اپنی غلطی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ ایک معمولی سی عادت کی وجہ سے نوکری کھونے کا احساس اسے جذباتی طور پر پریشان کر رہا ہے۔
ریڈٹ صارف نے لکھا، ’ایک سال تک روزانہ درجنوں ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کے بعد، آخرکار مجھے ایک اچھی تنخواہ والی ریموٹ جاب مل گئی، یہ وہی تھا جو میں چاہتا تھا۔ لیکن میں رات دیر تک جاگ کر موبائل پر ٹیکسٹنگ اور سکرولنگ کرتا رہتا، جس کی وجہ سے بعض اوقات میں 10-15 منٹ کی تاخیر سے جاگتا۔ یہ کئی بار ہوا۔‘
اس نے مزید بتایا کہ اس کے مینیجر نے اس کی تاخیر کو نوٹ کیا اور اس سے سچ پوچھا، لیکن وہ حقیقت بتانے کی ہمت نہ کر سکا اور تکنیکی مسائل کا بہانہ بنا دیا۔ ’میرے اندر سچ بولنے کی ہمت نہیں تھی، اس لیے میں نے جھوٹ بولا کہ مجھے تکنیکی مسائل کا سامنا تھا۔ لیکن نتیجہ یہ نکلا کہ مجھے نوکری سے نکال دیا گیا، اور اب میں خود کو ایک مکمل ناکام انسان محسوس کر رہا ہوں۔ میں دوبارہ نوکری کے لیے درخواستیں دے رہا ہوں، لیکن یہ سوچ کر مایوسی ہو رہی ہے کہ میں نے ایک معمولی سی غلطی کی وجہ سے اپنی خوابوں کی نوکری کھو دی۔‘
اس نے اپنی پوسٹ میں مزید وضاحت کی، ’مجھے پوری طرح احساس ہے کہ یہ میری غلطی ہے اور مجھے اس سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ میں پیسے سے محبت کرتا ہوں، لیکن شاید مجھے وقت پر اٹھنے اور نوکری کے لیے پُرجوش نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ مجھے اپنا کام پسند نہیں تھا۔ جن چیزوں میں میری دلچسپی ہے، جیسے ایئرلائن اور آٹوموٹیو انڈسٹری، وہ شعبے بہت مشکل ہیں اور ان میں داخلہ لینا آسان نہیں۔‘
یہ پوسٹ وائرل ہو گئی اور 1,500 سے زیادہ اپ ووٹس اور متعدد تبصرے حاصل کر چکی ہے۔
ایک صارف نے مشورہ دیا، ’ہر کوئی یہاں مذاق کرے گا، لیکن میں تمہیں ایک سنجیدہ مشورہ دینا چاہتا ہوں: شاید ریموٹ کمپیوٹر ورک تمہارے لیے صحیح فیلڈ نہیں ہے۔ کچھ لوگ گھر کے ماحول میں، جہاں بے شمار چیزیں توجہ ہٹانے کے لیے موجود ہوں، کام پر فوکس نہیں کر سکتے۔ یہ تمہاری غلطی نہیں، بلکہ تم غلط شعبے میں ہو۔‘
ایک اور صارف نے لکھا، ’یہ موقع ہے سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے کا۔ آج میں ایک اچھا پروفیشنل ہوں، لیکن بیس سال پہلے میں ایسا نہیں تھا۔‘
کسی نے تبصرہ کیا، ’یہی وجہ ہے کہ ہم ریموٹ نوکریاں کھو رہے ہیں۔ تم 9 بجے آن لائن بھی نہیں ہو سکتے تھے؟‘
ایک اور صارف نے حوصلہ دیتے ہوئے لکھا، ’زندگی میں سیکھو اور آگے بڑھو۔ اسے ناکامی نہیں، بلکہ ایک نئے آغاز کے طور پر دیکھو۔ اگلی بار تم بہتر کرو گے کیونکہ اب تمہیں اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے۔‘