معروف بھارتی اداکار سنی دیول، جو کہ بالی وڈ میں اپنی مضبوط اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، نے حال ہی میں یہ انکشاف کیا ہے کہ وہ بالی وڈ چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سنی دیول کا کہنا ہے کہ اب وہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی طرف رخ کریں گے۔ اس سے قبل، بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بھی 2024 میں بالی وڈ چھوڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
بھارتی کامیڈین باز نہ آئے، شیو سینا کیخلاف ایک اور گانا لکھ دیا
سنی دیول نے اپنی نئی فلم ”جات“ کے پروموشنل ایونٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”اسڈھائی کلو کے ہاتھ کی طاقت پورا نارتھ دیکھ چکا ہے، اب ساؤتھ دیکھے گا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ کے پروڈیوسرز کو ساؤتھ انڈین فلم پروڈیوسرز سے کچھ سیکھنا چاہیے، کیونکہ ساؤتھ انڈسٹری میں موضوعات پر توجہ دی جاتی ہے اور ڈائریکٹرز کی ویژن پر مکمل اعتماد کیا جاتا ہے۔
سنی دیول نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں فلم کی کہانی کو ہیرو سمجھا جاتا ہے، جو کہ انہیں بہت پسند آیا۔ ”مجھے ساؤتھ انڈین فلم پروڈیوسرز کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آیا،“ انہوں نے کہا۔
سنی دیول نے مزید کہا کہ انہوں نے ”جات“ کے پروڈیوسر سے ایک اور فلم بنانے کی درخواست کی ہے اور یہ بھی امکان ظاہر کیا کہ مستقبل میں وہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کا حصہ بن جائیں گے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ”جات“ سنی دیول کی پہلی ساؤتھ انڈین فلم ہے، جسے ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں سینیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔
سنی دیول کے اس اعلان سے بالی وڈ میں ایک نیا سنگ میل طے ہونے کی توقع ہے، کیونکہ وہ ایک عرصے سے اس انڈسٹری کے اہم ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
اس سے قبل، انوراگ کشیپ جیسے ہدایتکار نے بھی بالی وڈ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا تھا، اور اب سنی دیول کا یہ بیان ایک نئے دور کی شروعات کی علامت بن سکتا ہے، جہاں بھارتی فلم انڈسٹری میں نئے رجحانات اور امکانات کی کھوج کی جا رہی ہے۔