روزہ رکھنے کے دوران جسمانی اور ذہنی صحت کے بے شمار فوائد ہیں، لیکن اس کا اثر دانتوں کی صحت پر بھی پڑ سکتا ہے۔

دن بھر کھانے کی عادات میں تبدیلی اور پانی کی کمی دانتوں کے مسائل جیسے بدبو، مسوڑھوں کی بیماری اور دانتوں کی سڑن کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لیے رمضان کے دوران منہ کی صفائی بہت ضروری ہے۔

تروتازہ سانس

روزہ داروں کے لیے تروتازہ سانس برقرار رکھنے کے لیے دانتوں کی صفائی بہت اہم ہے۔

ڈاکٹرزدن میں تین بار دانت برش کرنے کی تجویز دیتے ہیں، یعنی فجر کے وقت اٹھنے کے بعد، افطار کے بعد، اور سونے سے پہلے۔

اس کے علاوہ، نرم برسلز والے ٹوتھ برش اور فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ کا استعمال بہتر رہتا ہے۔ زبان کو بھی صاف کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کا شکار ہو سکتی ہے۔ کم از کم ایک بار خلال کریں تاکہ دانتوں کے درمیان سے خوراک کے ذرات کو ہٹایا جا سکے۔

مسواک کا استعمال

دن کے دوران دانت صاف رکھنے اور تروتازہ سانس کے لیے مسواک استعمال کرنے کی بھی تجویز دی جاتی ہے۔ مسواک ایک روایتی چبانے والی چھڑی ہے جو سالوڈورا پرسیسکا درخت کی جڑوں، ٹہنیوں اور تنوں سے تیار کی جاتی ہے۔

ہزاروں سالوں سے مختلف ممالک میں دانتوں کی صفائی کے قدرتی طریقے کے طور پر مسواک کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مسواک مسوڑھوں کی بیماری پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو ختم کرتی ہے، منہ میں خوشبو پیدا کرتی ہے اور دانتوں کے درمیان صفائی فراہم کرتی ہے۔

پانی کا استعمال

رمضان کے دوران غیر روزہ دار اوقات میں پانی کا وافر مقدار میں استعمال کرنا منہ کو تازہ رکھنے کے لیے سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ پانی سے منہ تر رہتا ہے اور کھانے کے ذرات دھل جاتے ہیں۔

پانی کی کمی اور خشکی لعاب کے بہاؤ کو کم کر دیتی ہے، جو کہ بدبو کا ایک عام سبب ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، آہستہ آہستہ کھانا کھانا بھی ضروری ہے، کیونکہ اس سے لعاب کے غدود متحرک ہوتے ہیں اور لعاب کے اخراج کو روکتے ہیں، جو ہاضمے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

چائے اور کافی کا استعمال

چائے اور کافی کا استعمال کم سے کم کیا جائے کیونکہ یہ دانتوں کو داغ دار کر سکتے ہیں اور منہ کی بدبو کا سبب بن سکتے ہیں۔

اگر ان مشروبات کا استعمال ضروری ہو، تو انہیں اعتدال سے پینا چاہیے اور پھر دانتوں کو صاف کرنا چاہیے۔

قدرتی اجزاء

سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پودینہ، دھنیا،روزمیری اور الائچی کلوروفل سے بھرپور ہوتی ہیں اور قدرتی طور پر سانس کو تروتازہ رکھنے اور منہ کی صفائی میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ ان سبزیوں کا استعمال بھی دانتوں کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

More

Comments
1000 characters