بھارتی کرکٹ کے سابق کپتان اور چنئی سپر کنگز کے اسٹار مہیندر سنگھ دھونی ہمیشہ اپنے پرسکون اور متوازن رویے کے لیے جانے جاتے ہیں، لیکن اس بار وہ ایک منفرد اور حیران کن انداز میں سامنے آئے ہیں۔ دھونی نے حال ہی میں 2023 کی سب سے متنازع فلم ”اینیمل“ کے ایک مشہور سین کو دوبارہ تخلیق کیا، جس نے مداحوں کو دنگ کر دیا۔
دھونی نے فلم کے مشہور ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کے ساتھ اشتراک کیا اور اینیمل کے معروف سین میں رنبیر کپور کے انداز کو اپنایا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ دھونی سیاہ گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ آتے ہیں، پھر وہ ایک گاڑی سے باہر نکلتے ہیں، بالکل ویسی ہی وگ پہنے جیسے اینیمل کے کردار رنوِجے نے فلم میں پہنی تھی۔
دھونی گاڑی سے نکل کر ایک سائیکل اٹھاتے ہیں اور فلمی انداز میں اندر داخل ہوتے ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے رنبیر کپور نے کیا تھا۔ سندیپ ریڈی وانگا درمیان میں آ کر سیٹی بجاتے ہیں، جس پر دھونی فلم کا مشہور ڈائیلاگ بولتے ہیں: ”سنائی دے رہا ہے، بہرا نہیں ہوں میں!“
یہ وائرل اشتہار دراصل ایک الیکٹرک بائیک بنانے والی کمپنی ”EMotorad“ کے لیے بنایا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر لکھا: ’ہاں، ہم نے یہ کر دکھایا! ہم نے وانگا اور کیپٹن کول کو اکٹھا کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی، بالکل ویسے ہی جیسے ہماری بائیک Doodle کرتی ہے۔ دیکھیں کہ ہم نے اینیمل کو کیسے الیکٹرک بنا دیا!‘
مداحوں کا زبردست ردعمل
یہ ویڈیو سامنے آتے ہی مداحوں میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے، کیونکہ کسی کو بھی اس طرح کی شاندار کولیبریشن کی توقع نہیں تھی۔
کچھ مداحوں نے تو سندیپ ریڈی وانگا کو مشورہ دیا کہ وہ دھونی کو ”اینیمل پارک“ یا ”اسپِرٹ“ فلم میں کاسٹ کریں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا اشتراک دیکھنے کو ملے گا، دھونی ہمیشہ کی طرح زبردست لگ رہے ہیں!‘
ایک اور صارف نے لکھا، ’سندیپ ریڈی وانگا × تھالا = کیا لمحہ ہے، کیا وژن ہے!‘
ایک اور مداح نے جوش و خروش سے کہا، ’شاباش! کیا ایڈ ہے سر! واہ سر، کیا زبردست ایڈ بنایا ہے!‘
دوسرے صارف نے کہا، ’اینمل پارک میں تھالا کو کاسٹ کرو!‘
سندیپ ریڈی ونگا کے آنے والے پروجیکٹس
ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا اس وقت اپنی نئی فلم ”اسپِرٹ“ پر کام کر رہے ہیں، جس میں ساؤتھ کے سپر اسٹار پربھاس پہلی بار ایک منفرد پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گے۔
”اسپِرٹ“ کے بعد وانگا اپنی سب سے زیادہ متوقع فلم ”اینیمل پارک“ پر کام شروع کریں گے، جس میں رنبیر کپور، رشمی کا مدنا اور تریپتی ڈمری شامل ہوں گے۔