مقبوضہ جموں و کشمیر میں واقع ہندوؤں کیلئے مقدس شہر کٹرہ میں ہوٹل کے اندر شراب نوشی کے الزام میں مشہور سوشل میڈیا شخصیت اورہان اواترامانی المعروف ”اوری“ سمیت آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اوری اور دیگر افراد نے کٹرہ کے ایک ہوٹل میں شراب پی، جو کہ اس علاقے کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کٹرہ ماتا ویشنو دیوی کے مقدس مقام کے قریب واقع ہے، جہاں شراب اور غیر نباتی خوراک پر سختی سے پابندی عائد ہے۔
معروف کامیڈین نے دولت میں بڑے بڑے ہالی ووڈ اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 مارچ کو ہوٹل میں قیام پذیر مہمانوں نے شراب نوشی کی، جن میں اوری کے علاوہ درشن سنگھ، پارتھ رائنا، ریتک سنگھ، راشی دتہ، رکشیتا بھوگل، شگون کوہلی اور انستاسیلا ارزاماسکینا شامل ہیں۔
ریاست کے ایس ایس پی پرم ویر سنگھ کے مطابق، واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
سلمان خان کے نئے روپ نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی مقامات پر اس قسم کے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اوری، جو کہ جانی مانی فلمی شخصیات خوشی کپور، جھانوی کپور اور نیسا دیوگن کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں، انہیں اکثر ہائی پروفائل پارٹیوں اور تقریبات میں دیکھا جاتا ہے۔ وہ حال ہی میں مشہور ٹاک شو ”کافی وِد کرن 8“ میں بھی نظر آئے تھے۔