لوگوں کی جائیدادیں کھا جائیں، روٹی نہ کھائیں، مفتی طارق مسعود کا رمضان میں وزن کم کرنے کیلئے مشورہ
آج نیوز کے پروگرام ”آواز“ میں رمضان المبارک میں کھانے پینے کی بے احتیاطی اور وزن بڑھنے کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ اکثر لوگ روزے کے بعد ضرورت سے زیادہ کھا لیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا وزن بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس پر مفتی طارق مسعود نے کہا، ’اللہ تعالیٰ نے رمضان ہمیں اس لیے دیا ہے کہ ہماری ضبطِ نفس کی طاقت بڑھے اور ہمیں بھوکا رہنے کی عادت ہو‘۔
انہوں نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن میں ہے ’لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ‘ اس میں سب کچھ داخل ہے، سب سے پہلے کھانے میں احتیاط سیکھیں، مگر افسوس کہ یہاں معاملہ بالکل الٹ ہو گیا ہے۔ اور پھرطنزیہ مسکراتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ، رمضان میں اگر کسی کا وزن 70 کلو ہو تو عید پر وہ 170 کلو ہوجاتا ہے!
مفتی طارق مسعود اپنی بزلہ سنجی اور خوش مزاجی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ اکثر گفتگو میں ہلکا پھلکا مزاح شامل کر کے سنجیدہ موضوعات کو بھی دلچسپ بنا دیتے ہیں، تاکہ سامعین بیزار نہ ہوں۔ کھانے پینے اور وزن بڑھنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ، ’روٹی کم کھائیں یا اس کی جگہ کوئی متبادل غذا اختیار کریں، کیونکہ روٹی وزن بڑھاتی ہے‘۔
اسی دوران، نہایت دلچسپ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’روٹی نہ کھائیں بس، چاہے لوگوں کی جائیدادیں کھا جائیں، وزن نہیں بڑھے گا!‘
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ سنایا، ’میرے پاس اکثر سوالات پرچیوں پر آتے ہیں۔ ایک بچے نے لکھا کہ میرے چاچو کو ڈاکٹر نے کہا کہ آپ سب کچھ کھا سکتے ہیں، تو وہ میرے ابو کی جائیداد ہی کھا گئے!‘ یہ کہتے ہوئے وہ خود بھی ہنس پڑے۔
تاہم، آخر میں انہوں نے سنجیدگی سے مشورہ دیا کہ روٹی کی جگہ چنے، چھولے یا کوئی متبادل غذا اختیار کرنا زیادہ بہتر ہے، تاکہ وزن متوازن رہے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنائی جا سکے۔