ریسٹورنٹ بزنس کا خواب دیکھنا ایک بات ہے، اور اسے حقیقت میں کامیابی کے ساتھ چلانا بالکل الگ چیز۔ آج نیوز کے رمضان سحری ٹرانسمیشن ”بارانِ رحمت“ میں شہریار عاصم کے سوال کے جواب میں آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر، اسد حنیف نے وہ راز بتائے جو ایک کامیاب ریسٹورنٹ کے پیچھے ہوتے ہیں۔

بنا تجربہ کیے کاروبار میں کود جانا غلطی ہے

اسد حنیف نے واضح الفاظ میں کہا، ’لوگ غلطی یہ کرتے ہیں کہ ڈائریکٹ ریسٹورنٹ کھولنے چل پڑتے ہیں، یا انہیں کوئی شیف مل جاتا ہے، لوگ کھانا کھانے جاتے ہیں، ان کو لگتا ہے کہ مینجمنٹ بہت اچھی ہے تو چلو اس مینیجر کو رکھ لو، اس شیف کو رکھ لیں تو ریسٹورنٹ چل جائے گا۔ ایسا نہیں ہوتا، اس کے پیچھے بڑی کوششیں، محنت اور حکمت عملی ہوتی ہے۔‘

یہ بات بہت اہم ہے کہ بغیر عملی تجربے کے کوئی بھی کاروبار شروع کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ریسٹورنٹ بزنس میں محض اچھا کھانا پکانے یا ایک اچھے مینیجر کو بھرتی کرنے سے کامیابی کی ضمانت نہیں ملتی۔

66 فیصد پاکستانیوں نے کامیاب کاروبار کیلئے رشوت کو ضروری قرار دے دیا

پہلے تجربہ حاصل کریں، پھر ریسٹورنٹ کھولیں

اسد حنیف نے مزید کہا، ’سب سے پہلے تو خود کہیں کام کرکے اس کا تجربہ سیکھنا چاہیے، یہ بہت ضروری ہے۔ چاہے وہ چھوٹا کام کرے، کہیں جاب کرے، کسی دوست کے پاس یا کسی کامیاب ریسٹورنٹ میں وقت گزارے۔ دو، چار، چھے مہینے یا ایک سال، جب مکمل سمجھ آجائے کہ یہ کام کیسے چلتا ہے، تب کاروبار شروع کرنا چاہیے۔‘

آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر اسد حنیف کا یہ مشورہ نہایت قیمتی ہے، کیونکہ تجربہ حاصل کیے بغیر بزنس شروع کرنے کا مطلب ہے کہ آپ اپنی ہی سرمایہ کاری کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

کامیاب بزنس ماڈل کو اپنانا ضروری ہے

مزید برآں، اسد حنیف نے کاروباری حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ’ہمیشہ کامیاب ماڈل کو پکڑیں، چاہے آپ کسی بھی کاروبار میں ہوں۔ جو لوگ بڑے کاروبار کر رہے ہیں، ان سے دوستی کریں، ان سے سیکھیں، ان کے پاس آئیں جائیں، اور دیکھیں کہ وہ کیسے کام کر رہے ہیں۔ جب کامیاب بزنس ماڈل کو اپنائیں گے تو آپ ایک کامیاب بزنس کرسکتے ہیں۔‘

کیا فوڈ بلاگرز ریسٹورنٹ والوں کو بلیک میل کرتے ہیں؟

یہ اصول نہ صرف ریسٹورنٹ بزنس بلکہ کسی بھی کاروبار کے لیے اہم ہے۔ ایک ایسا ماڈل اپنانا جو پہلے سے کامیاب ہو، سیکھنے اور مشاہدہ کرنے کے بعد اپنا قدم جمانا، کاروبار کو نقصان سے بچانے اور کامیابی کی طرف لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

کامیاب ریسٹورنٹ کے لیے ضروری نکات

اگر آپ ریسٹورنٹ بزنس میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو درج ذیل نکات کو ذہن نشین کرلیں:

تجربہ حاصل کریں اور اس کے لیے پہلے کسی ریسٹورنٹ میں کام کرکے اس کا عملی تجربہ حاصل کریں۔ دوسرے یہ کہ بنا تحقیق کے قدم نہ بڑھائیں بلکہ ریسٹورنٹ بزنس کی باریکیوں کو سمجھے بغیر سرمایہ کاری نہ کریں۔

یاد رکھیں ہمیشہ کامیاب بزنس ماڈل کو اپنائیں، اور اس کے لئے کسی کامیاب ریسٹورنٹ کے کام کرنے کے طریقے کو سمجھیں، غور کریں اور اس کی حکمت عملی سیکھیں۔

جنریشن زی نے کاروبار میں ملینئیلز کو پیچھے کیسے چھوڑا

اچھے شیف اور مینیجرز کا انتخاب کریں، مگر خود بھی معاملات پر نظر رکھیں، صرف کسی اچھے شیف یا مینیجر پر بھروسہ کرنا کافی نہیں، خود بھی بزنس کے ہر پہلو کو سمجھیں۔

مارکیٹنگ اور کسٹمر سروس پر توجہ دیں، کھانے کے معیار کے ساتھ ساتھ، بہترین سروس اور مؤثر مارکیٹنگ بھی کامیابی کی کلید ہے۔

کامیابی کا سفر صبر، سیکھنے اور محنت کا تقاضا کرتا ہے

مختصر یہ کہ ریسٹورنٹ بزنس راتوں رات کامیاب نہیں ہوتا۔ اس کے پیچھے مہینوں اور سالوں کی محنت، سیکھنے کی لگن، اور حکمت عملی شامل ہوتی ہے۔ اگر آپ واقعی ایک کامیاب ریسٹورنٹ کھولنا چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے اس صنعت کا عملی تجربہ حاصل کریں، کامیاب لوگوں سے سیکھیں، اور ایک ثابت شدہ بزنس ماڈل کو اپنائیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو آپ کو کامیابی کی طرف لے جائے گا۔

More

Comments
1000 characters