بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا ممبئی میں موجود مشہور بنگلہ ’منت‘ رواں موسم گرما سے تزئین و آرائش اور توسیع کے مراحل میں داخل ہونے والا ہے۔

اس کام کو بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دینے کے لیے شاہ رخ خان اور ان کا خاندان باندرا کی اس معروف رہائش گاہ سے ایک فلیٹ میں منتقل ہوجائے گا تاکہ بنگلے کی تزئین و آرائش اور توسیع کا کام شروع کیا جا سکے۔

شاہ رخ خان اور ان کی فیملی ’منت‘ چھوڑ کر کہاں منتقل ہو رہے ہیں، اس سوال پر ذرائع نے بتایا کہ وہ ایک عارضی فلیٹ میں منتقل ہوں گے تاکہ بنگلے کی تزئین و آرائش کا کام بلا رکاوٹ جاری رکھا جا سکے۔

تاہم یہ منصوبہ پہلے ہی ایک رکاوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔ ایک سماجی کارکن سنتوش داؤنڈکر نے شاہ رخ خان اور مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی (MCZMA) پر منت کے تزئین و آرائش کے لیے درکار کوسٹل ریگولیشن زون (CRZ) کلیئرنس حاصل کرنے میں خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) سے رجوع کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سنتوش داؤنڈکر نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلے کی تزئین و آرائش کے لیے مناسب اجازت حاصل نہیں کی گئی۔ مزید برآں، اس بات کا الزام بھی لگایا گیا کہ شاہ رخ خان چھ منزلہ بنگلے کو توسیع دینے اور دو مزید منزلیں شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

سنتوش داؤنڈکر کی اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان نے ’وسیع رہائش کے لیے 1 بیڈروم کے 12 فلیٹس‘ کو ایک خاندان کی رہائش گاہ میں ضم کر کے دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا ہے۔

این جی ٹی نے سماجی کارکن سنتوش داؤنڈکر کو اپنے الزامات کے ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این جی ٹی کے فیصلے میں کہا گیا کہ ”اگر پروجیکٹ میں کسی قسم کی خلاف ورزی کی گئی تو اپیل کنندہ چار ہفتوں کے اندر اس کے ثبوت پیش کر سکتا ہے، ورنہ ہمارے پاس اس ٹریبونل کے حکم کی عدم تعمیل کی صورت میں موجودہ اپیل کو خارج کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔“ این جی ٹی اس معاملے کی اگلی سماعت 23 اپریل کو کرے گا۔

شاہ رخ خان کا گھر ’منت‘ جدید طرز تعمیر کا ایک شاہکار ہے، جو 27,000 اسکوائر فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ اس گھر میں پانچ بیڈ رومز، ایک فٹنس سینٹر، سوئمنگ پول، لائبریری، اور پرائیوٹ مووی تھیٹر شامل ہیں۔

تاہم، شاہ رخ خان اور ان کی فیملی جلد ہی اس پسندیدہ گھر کو چھوڑ کر کسی اور مقام پر منتقل ہونے والے ہیں، جب کہ بنگلے کی تزئین و آرائش اور توسیع کا کام جاری رہے گا۔

More

Comments
1000 characters