اگر آپ کریڈٹ کارڈ رکھنے کے قائل ہیں اور آپ کے پاس ایک سے زیادہ کریڈٹ کارڈز ہیں تو مالی معاملات کو سنبھالنا مشکل ہو سکتا ہے۔ کریڈٹ کارڈز کے فوائد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مالیاتی نظم و ضبط اور اچھی حکمت عملی ضروری ہے۔
کریڈٹ کارڈز مالی ہنگامی حالات یا کیش کی کمی کے دوران مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، لیکن غیر محتاط اخراجات مالی بحران کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ آج کل مختلف بینک اور مالیاتی ادارے اپنی کسٹمر بیس بڑھانے کے لیے خصوصی رعایتوں، کیش بیک اور انعامی پوائنٹس کی پیشکش کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ ایک سے زیادہ کریڈٹ کارڈ حاصل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ تاہم، بغیر کسی منصوبہ بندی کے ان کا استعمال قرض کے جال میں پھنسا سکتا ہے۔
حالیہ برسوں میں پاکستان سمیت کئی ممالک میں خاص طور پر کرہیڈٹ کارڈ کے حامل نوجوان ملازمین اور ملازمت پیشہ افراد کے نادہندگان بننے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر آپ کے پاس ایک سے زیادہ کریڈٹ کارڈ ہیں تو قرض کے بوجھ سے بچنے کے لیے درج ذیل نکات پر عمل کریں:
کریڈٹ کارڈ کا استعمال ڈیبٹ کارڈ کے مقابلے نقصان دہ کیوں؟
کریڈٹ کارڈز کا انتخاب دانشمندی سے کریں
ہر کریڈٹ کارڈ کا اپنا مخصوص مقصد ہوتا ہے، جیسے کہ ایک کارڈ لگژری شاپنگ کے لیے بہتر ہو سکتا ہے جبکہ دوسرا روزمرہ کے اخراجات کے لیے موزوں ہو سکتا ہے۔ لہٰذا، کریڈٹ کارڈ حاصل کرنے سے پہلے اس کے فوائد اور اپنی ضروریات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی، کارڈ کے سود کی شرح اور دیگر فیسوں کا تجزیہ کرنا بھی بہتر ہوگا۔
ادائیگی کی تاریخوں پر نظر رکھیں
تمام کریڈٹ کارڈز کی مقررہ ادائیگی کی تاریخوں کو ٹریک کریں، تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا جرمانے سے بچا جا سکے اور آپ کا کریڈٹ اسکور متاثر نہ ہو۔ سہولت کے لیے، آپ اپنے تمام کریڈٹ کارڈز کی ادائیگی کی تاریخیں ایک ہی ہفتے یا مہینے کے مخصوص وقت میں ترتیب دے سکتے ہیں۔
ہر ماہ مکمل رقم ادا کریں
کریڈٹ کارڈ کے بل کی پوری رقم وقت پر ادا کرنے سے سود کے اضافی بوجھ سے بچا جا سکتا ہے۔ اگر مکمل ادائیگی ممکن نہ ہو تو زیادہ سے زیادہ رقم ادا کرنے کی کوشش کریں، خاص طور پر ان کریڈٹ کارڈز کی جن پر زیادہ شرح سود لاگو ہوتی ہے۔
اخراجات پر نظر رکھیں
اپنے بجٹ کے مطابق اخراجات کو محدود رکھنا نہایت اہم ہے۔ اس کے لیے آپ مالیاتی مینجمنٹ ایپس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جو آپ کو ہر کریڈٹ کارڈ سے ہونے والے اخراجات کا واضح جائزہ فراہم کرتی ہیں۔
کریڈٹ یوٹیلائزیشن کم رکھیں
کریڈٹ یوٹیلائزیشن کا مطلب ہے کہ آپ کے پاس موجود کل کریڈٹ میں سے آپ کتنا استعمال کر رہے ہیں۔ بہتر کریڈٹ اسکور کے لیے کریڈٹ یوٹیلائزیشن کو 30 فیصد سے کم رکھنا ضروری ہے۔
آٹو پے سیٹ کریں
ادائیگی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اپنے بینک اکاؤنٹ میں آٹو پے سیٹ کر سکتے ہیں، جس سے آپ کو تمام کریڈٹ کارڈز کے بلوں کی ادائیگی کی تاریخ یاد رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
نتیجہ
اگر کریڈٹ کارڈز کو دانشمندی سے استعمال کیا جائے تو یہ ایک بہترین مالی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ اوپر دی گئی تجاویز پر عمل کر کے آپ اپنے مالیاتی معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھال سکتے ہیں، کریڈٹ کارڈز کے فوائد سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور غیر ضروری مالی جرمانوں سے بچ سکتے ہیں۔