بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے حال ہی میں ایک دلچسپ انکشاف کیا کہ بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ ان کی بائیوپک میں ان کا کردار ادا کریں گے۔

گنگولی نے بتایا کہ ان کی زندگی پر بننے والی فلم میں راج کمار راؤ ان کا کردار نبھائیں گے، اور سنا ہے کہ راجکمار نے اس کردار کے لیے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔

اس بائیوپک کے ذریعے، راج کمار راؤ اپنے اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے گنگولی کے کردار کو زندہ کریں گے، جو بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے۔

بھارتی کی تاریخی فلم ’جودھا اکبر‘ کی ’تاریخی غلطیاں‘

بھارتی میڈیاکے مطابق سارو گنگولی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس پروجیکٹ پر کام جاری ہے لیکن فلم کی اسکرین پر ریلیز کے لیے ایک سال سے زیادہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم کی تاریخوں اور دیگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے یہ پروجیکٹ تھوڑی دیر سے مکمل ہو سکے گا۔

سارو گنگولی نے اپنے کرکٹ کیریئر میں بھارت کے لیے 113 ٹیسٹ اور 311 ون ڈے میچز کھیلے، اور ان میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 18,575 رنز اسکور کیے۔ بائیں ہاتھ کے اس کھلاڑی نے نہ صرف خود کو ایک عظیم بیٹر کے طور پر ثابت کیا بلکہ بھارت کو کئی اہم میچز میں کامیاب کرایا۔

گنگولی کا شمار بھارتی کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کھیل سے کرکٹ کی دنیا میں انمٹ نشان چھوڑا۔

ریٹائرمنٹ کے بعد سارو گنگولی نے کرکٹ انتظامیہ کی دنیا میں قدم رکھا اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں، بنگال کرکٹ کی ترقی کی نئی راہیں کھلیں۔

بعد ازاں، ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا صدر منتخب کیا گیا، جہاں انہوں نے بھارتی کرکٹ کو عروج تک پہنچانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ کے عظیم کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی پر بھی ایک بائیوپک فلم بنائی جا چکی ہے، جو باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔ اس فلم میں دھونی کا کردار معروف اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے نبھایا تھا۔

More

Comments
1000 characters