میوزک کمپوزر اے آر رحمان کی سابق اہلیہ سائرہ رحمان کو حال ہی میں ایک طبی ایمرجنسی کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی سرجری کی گئی تھی۔ اس موقع پر سائرہ نے اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے دوستوں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بیان میں کہا گیا، ”کچھ دن پہلے، مسز سائرہ رحمان کو طبی ایمرجنسی کے سبب ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور ان کی سرجری کی گئی۔ اس وقت ان کی واحد توجہ صحت یابی پر مرکوز ہے۔ وہ اپنے آس پاس کے لوگوں کی تشویش اور حمایت کی دل کی گہرائیوں سے قدردانی کرتی ہیں اور اپنے خیرخواہوں سے درخواست کرتی ہیں کہ ان کے لیے دعا کریں۔“
بھارتی اداکارکنول جیت سنگھ نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو بھارت سے بہت بہترقرار دے دیا
بیان میں سائرہ نے اپنے قریبی دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا، ساتھ ہی وندنا شاہ اور اے آر رحمان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان سب کی مہربانی اور حوصلہ افزائی کے شکر گزار ہیں۔
سائرہ نے مزید کہا کہ وہ اس وقت پرائیویسی کی خواہش مند ہیں اور اپنے حامیوں اور خیرخواہوں سے اس دوران سمجھ بوجھ کی اپیل کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ سائرہ اور اے آر رحمان نے شادی کے 29 سال بعد گزشتہ سال نومبر میں اپنے راستے الگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سائرہ نے علیحدگی کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ گزشتہ کچھ ماہ سے بیمار تھیں اور اس وجہ سے انہوں نے اے آر رحمان سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے باوجود، انہوں نے کہا کہ وہ اے آر رحمان کے بارے میں کسی منفی تبصرے سے گریز کرنے کی درخواست کرتی ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک وہ ایک بہترین انسان ہیں۔