چاول کا پانی ایک قدرتی اور سستا طریقہ ہے جو آپ کی جلد اور بالوں کی صحت کے لیے بے شمار فوائد فراہم کرتا ہے۔ یہ نہ صرف اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے مالا مال ہے بلکہ اس میں موجود نشاستہ اور امائنو ایسڈز بھی بالوں اور جلد کی مرمت میں مدد دیتے ہیں۔
چاول کے پانی کو کئی مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے، جیسے کہ فیس ماسک، ٹونر، اور کنڈیشنر، جو آپ کی خوبصورتی کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
گھر پر قدرتی اجزاء سے تیار کردہ ویکس سے چہرے کے اضافی بال ہٹائیں
چاول کے پانی کے استعمال کے نئے طریقے:
رائس واٹر فیس ماسک
چاول کے پانی کو دیگر قدرتی اجزاء جیسے شہد، دہی اور دلیا کے ساتھ ملا کر فیس ماسک بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے سزاتھ آپ اپنی جلد کے مطابق چاول میں کوئی اور جز بھی شامل کر سکتی ہیں۔ اس ماسک کو 15 سے 20 منٹ تک چہرے پر لگا کر آپ اپنی جلد کو نمی فراہم کر سکتے ہیں، اور اس سے آپ کی جلد نرم، چمکدار اور ہموار ہو جائے گی۔
آنکھوں کے نیچے سوجن کا علاج
چاول کے پانی کو آنکھوں کے نیچے سوجن اور سیاہ حلقوں کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ روئی کے پیڈز کو چاول کے پانی میں بھگو کر آنکھوں کے نیچے کچھ دیر رکھیں، پھر نرم ہاتھوں سے مساج کریں۔ اس سے جلد کی تازگی اور نرمی میں اضافہ ہوگا۔
بالوں کے لیے قدرتی کنڈیشنر
چاول کا پانی ایک قدرتی ہیئر کنڈیشنر کے طور پر کام کرتا ہے، جو آپ کے بالوں کو نرم، چمکدار اور صحتمند بناتا ہے۔ شیمپو کرنے کے بعد اس پانی کو اپنے بالوں اور کھوپڑی پر لگائیں، پھر اچھی طرح دھو لیں۔ اس سے آپ کے بالوں کو ضروری غذائیت ملے گی۔
سرکی مالش
چاول کا پانی سر کی مالش کے لیے بھی بہترین ہے۔ یہ سر کی جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور اس سے صحت مند بالوں کی نشوونما میں مدد ملتی ہے۔ آپ اس پانی کو روئی کے پیڈز یا اسپرے سے اپنے سر پر لگائیں اور تھوڑی دیر کے لیے مساج کریں۔اسے سر پر 10 منٹ کے لیے لگا رہنے دیں۔ آخر میں سر کو پانی سے دھولیں۔
چہرے کی صفائی
چاول کا پانی جلد کو موثر طریقے سے صاف کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ جلد پر جمع ہونے والی گندگی اور مردہ خلیات کو صاف کرتا ہے، اور اس کے استعمال سے آپ کی جلد چمکدار اور ہموار دکھائی دیتی ہے۔
روئی کے پیڈز کو رائس واٹر میں بھگو دیں اور اسے چہرے پر لگالیں اور نرم ہاتھوں سے ہلکا ہلکا مساج کریں اس طرح چہرے پر موجود تمام میل کچیل صاف ہوجائے گا اور آپ کی جلد قدرتی طور پر تازہ اور چمکدار نظر آئے گی۔
سن برن کا علاج
چاول کا پانی سورج کی روشنی کی وجہ سے ہونے والی جلن کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس میں موجود نشاستہ سوزش کو کم کرتا ہے اور جلد کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے، جس سے درد اور جلن میں راحت ملتی ہے۔ اسے جلد پر لگائیں اس کی قدرتی شفا بخش خصوصیات سن برن سے ہونے والی جلن اور درد سے نجات فراہم کرتی ہیں۔
چہرے کے ٹونر کے طور پر
چاول کا پانی چہرے کے ٹونر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ آپ کی جلد کے سوراخوں کو بند کرتا ہے اور رنگت کو بہتر بناتا ہے۔ آپ اسے روئی کی گیند سے لگا کر اپنی جلد کو ٹون کر سکتی ہیں۔
چاول کا پانی تیار کرنے کا طریقہ
چاول کا پانی تیار کرنے کے لیے دو آسان طریقے ہیں:
چاولوں کو پانی میں اُبال کر
چاولوں کو بہت زیادہ پانی میں اُبالیں، پھر اُبلا ہوا پانی نکال کر اسے محفوظ کر لیں۔
چاولوں کو بھگو کر
چاولوں کو صاف کرکے پانی میں بھگو کر رات بھر چھوڑ دیں، پھر صبح پانی کو چھان کر ایک بوتل میں محفوظ کر لیں۔ بچ جانے والے چاولوں کو پیس کر کسی بھی ڈش کو تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔