بھارتی ریاست بنگلورو کی صارف عدالت نے ایک شہری کے حق میں فیصلہ دیا ہے، جس نے پی وی آر سنیما اور آئی نوکس (جو حال ہی میں پی وی آر میں ضم ہو چکی ہے) کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ شہری نے الزام لگایا کہ فلم شروع ہونے سے پہلے غیر ضروری اشتہارات دکھا کر اس کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا۔ عدالت نے سنیما گھروں کو ہدایت دی کہ وہ فلمی ٹکٹ پر واضح طور پر اصل فلمی وقت درج کریں، جس میں اشتہارات کا دورانیہ شامل نہ ہو۔
درخواست گزار ابھیشیک ایم آر نے 26 دسمبر 2023 کو پی وی آر سنیما میں فلم ”سام بہادر“ دیکھی۔ فلم کا شیڈول شدہ وقت شام 4 بج کر 5 منٹ تھا، لیکن اشتہارات کی بھرمار کی وجہ سے فلم 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوئی، جس کے باعث ان کا شیڈول متاثر ہوا۔ ابھیشیک نے کام پر واپسی کا منصوبہ بنایا تھا، مگر تاخیر کے سبب وہ متاثر ہوئے، جس پر انہوں نے ”پی وی آر“، ”آئی نوکس“ اور ”بُک مائی شو“ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔
عدالت نے ”بُک مائی شو“ کو ذمہ دار ٹھہرانے سے انکار کر دیا کیونکہ یہ پلیٹ فارم فلموں کے اوقات کا تعین نہیں کرتا۔ تاہم، سنیما گھروں کی اس پریکٹس کو غیر منصفانہ تجارتی عمل قرار دیا۔
”کچھ کچھ ہوتا ہے“ کارٹون کی شکل میں ریلیز کیلئے تیار
فیصلے میں کہا گیا کہ ’جدید دور میں وقت کو پیسے کے برابر سمجھا جاتا ہے، ہر شخص کا وقت قیمتی ہے۔ 25 سے 30 منٹ تک سنیما میں بیٹھ کر غیر ضروری اشتہارات دیکھنا وقت کا ضیاع ہے۔ مصروف شیڈول رکھنے والے افراد کے پاس بیکار بیٹھنے کا وقت نہیں ہوتا۔‘
عدالت نے پی وی آر اور آئی نوکس کو حکم دیا کہ وہ مقررہ وقت کے بعد اشتہارات دکھانے کا سلسلہ بند کریں۔
پی وی آر اور آئی نوکس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ فلم سے پہلے اشتہارات دیر سے آنے والے ناظرین کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں اور سینما گھروں کو ”پبلک سروس اناؤنسمنٹ (PSA)“ چلانے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔
’چھاوا‘ دیکھنے کیلئے راجہ کا روپ دھارے مداح گھوڑے پر سوار تھیٹر میں گھس گیا
تاہم، عدالت نے نشاندہی کی کہ حکومتی قوانین کے مطابق پی ایس اے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 10 منٹ ہونا چاہیے، جب کہ سام بہادر کی اسکریننگ سے قبل 95 فیصد اشتہارات تجارتی نوعیت کے تھے۔
عدالت نے پی وی آر اور آئی نوکس پر سخت جرمانہ عائد کرتے ہوئے درخواست گزار ابھیشیک کو 20 ہزار روپے ذہنی اذیت کے ہرجانے اور 8 ہزار روپے قانونی اخراجات کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں، دونوں سنیما گھروں پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔