دودھ باورچی خانے کا ایک اہم جزو ہے جو مختلف پکوانوں میں استعمال ہوتا ہے۔ چاہے وہ آپ کی صبح کی چائے ہو، کریمی کھیر یا سونے سے پہلے ہلدی دودھ کا گلاس، دودھ کئی مزیدار ترکیبوں کا حصہ ہوتا ہے۔ تاہم، کچھ اوقات میں ہم دودھ کو زیادہ خرید لیتے ہیں جسے خراب ہونے سے پہلے استعمال کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
کھانا ضائع کرنا کبھی بھی ایک اچھا آپشن نہیں ہوتا، اس لیے کیوں نہ اضافی دودھ کو ایک تخلیقی اورمزیدار طریقے سے استعمال کیا جائے؟ دودھ کو ضائع ہونے سے بچانے اور اس کا بہترین استعمال کرنے کے لیے چند آسان اور مزیدار طریقے ہیں جنہیں آپ آزما سکتی ہیں۔
تازہ پنیر بنائیں
اگر آپ کے پاس دودھ کی وافر مقدار ہے تو اسے پنیر میں تبدیل کرنا ایک بہترین طریقہ ہے۔ دودھ کو ابال کر اس میں لیموں کا رس یا سرکہ ڈالیں، جس سے دودھ دہی کی شکل میں بدل جائے گا۔ اس کے بعد اس دہی کو کسی بھاری چیز کے نیچے دبا کر، صاف کرکے آپ کے پاس تازہ پنیر تیار ہو جائے گا۔ اسے سالن میں ڈالیں، سلاد میں شامل کریں یا مختلف مسالوں کے ساتھ ناشتے کے طور پر گرل کریں۔
کیا دہی واقعی تیزابیت کم کرتی ہے؟
کریم والی مٹھائیاں بنائیں
دودھ کو مختلف مٹھائیوں جیسے ربڑی یا کھیر بنانے میں استعمال کریں۔ دودھ میں چینی، الائچی اور خشک میوہ جات ڈال کر اسے اُبالیں، اور آپ کو ایک خوشبودار، لذیذ میٹھا ملے گا۔ اگر وقت کم ہو تو سویاں کھیر بھی ایک فوری اور مزیدار آپشن ہے۔ یہ خاص طور پر تہواروں کے لیے بہترین ہے۔
گھر میں دہی بنائیں
دودھ کو دہی میں تبدیل کرنا ایک آسان اور قدرتی طریقہ ہے۔ دودھ کو گرم کریں، اس میں ایک چمچ دہی مکس کریں اور رات بھر چھوڑ دیں۔ صبح تک آپ کے پاس تازہ اور کریمی دہی ہوگا۔ اسے رائتہ، لسی یا کھانے کے ساتھ ٹھنڈا کرنے کے لیے استعمال کریں۔
گھر میں آئس کریم بنائیں
آئس کریم بنانے کے لیے آپ کو کسی مشین کی ضرورت نہیں۔ بس دودھ، چینی اور اپنی پسند کا ذائقہ ملا کر اسے فریز کریں۔ اس عمل میں ہر چند گھنٹوں میں اسے ہلائیں تاکہ آئس کریم کی ساخت کریمی ہو جائے۔ آم، چاکلیٹ یا الائچی جیسے ذائقوں کو میں سے کسی کو ملا کرمزیدارآئس کریم بنائیں۔
اسموتھی بنائیں
اسموتھی بنانے کے لیے دودھ ایک بہترین جز ہے۔ مختلف تازہ پھل جیسے کیلا، آم یا اسٹرابیری کے ساتھ دودھ مکس کریں اور آپ کے پاس ایک ٹھنڈا، صحت بخش مشروب ہوگا۔ یا اگر آپ کچھ میٹھا چاہتے ہیں تو چاکلیٹ یا Oreo ملک شیک بھی بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔
پنیر کی چٹنی بنائیں
دودھ سے گھر میں پنیر کی چٹنی بنانا بھی انتہائی آسان ہے۔ دودھ کو مکھن اور آٹے کے ساتھ گرم کریں، جب تک یہ گاڑھا نہ ہو جائے، پھر اس میں پنیر، نمک اور کالی مرچ شامل کریں۔ اس چٹنی کو فرائز پر، پاستا یا سینڈوچ میں استعمال کریں اور آپ کے پاس ایک مزیدار کمفرٹ فوڈ تیار ہو گا۔
یہ کچھ تخلیقی طریقے ہیں جن سے آپ اضافی دودھ کا بھرپور استعمال کر سکتے ہیں اور اسے مزیدار پکوانوں میں تبدیل کر سکتے ہیں۔