مارول اسٹوڈیوز کی آنے والی فلم ”کیپٹن امریکہ: بریو نیو ورلڈ“ میں کیپٹن امریکہ کا کردار نبھانے والے امریکی اداکار انتھونی میکی نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو فلم میں اگلے ایوینجر کے طور پر شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بھارتی اداکار کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ”بہترین“ قرار دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران جب میکی سے پوچھا گیا کہ وہ کس بالی ووڈ اداکار کو ایوینجر کے طور پر دیکھنا چاہیں گے تو انہوں نے فوراً جواب دیا، ’میرا انتخاب شاہ رخ خان ہوں گے، وہ زبردست ہیں!‘

یہ پہلا موقع نہیں جب مارول کی دنیا میں شاہ رخ خان کا تذکرہ ہوا ہو۔ ”ڈیڈ پول 2“ میں ڈیڈ پول اور دوپینر کو شاہ رخ خان کی فلم ”سوادیس“ کا ایک گانا سنتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ 2018 میں مارول کے اس وقت کے نائب صدر اسٹیفن ویکر نے بھی کہا تھا کہ اگر مارول کوئی بھارتی فلم بنائے تو شاہ رخ خان کو اس میں ضرور ہونا چاہیے۔

2023 میں ”دی مارولز“ کی ہدایتکارہ نیا ڈکوستا نے بھی شاہ رخ خان کی تعریف کی اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’شاہ رخ خان ایک لیجنڈ ہیں، اس میں کوئی دوسری رائے نہیں۔‘

”کیپٹن امریکہ: بریو نیو ورلڈ“ میں انتھونی میکی کے ساتھ ہالی وڈ کے لیجنڈ ہیرسن فورڈ بھی جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کے ہدایتکار جولیئس اوناہ ہیں اور ہیرسن فورڈ فلم میں تھاڈیئس روس کا کردار نبھائیں گے۔ یہ فلم پہلی بار انتھونی میکی کو آفیشلی کیپٹن امریکہ کے روپ میں پیش کرے گی۔

”ایوینجرز: اینڈ گیم“ کے اختتام پر اسٹیو راجرز (کرس ایوانز) نے اپنی شیلڈ سیم ولسن (انتھونی میکی) کے حوالے کی تھی۔

انٹرویو کے دوران انتھونی میکی نے یہ بھی کہا کہ وہ اور ہیرسن فورڈ ڈیڈ پول اور وولورین جیسے کرداروں کے لیے سخت مقابلہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’مجھے لگتا ہے کہ میں ڈیڈ پول کو سخت ٹکر دے سکتا ہوں! میرے پروں کے ساتھ اس کی تلواروں کا مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ اور جہاں تک ہلک کا تعلق ہے، اسے شکست نہیں دی جا سکتی، بس قابو پایا جا سکتا ہے، اس لیے وولورین کے لیے ریڈ ہلک سے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔‘

”کیپٹن امریکہ: بریو نیو ورلڈ“ 14 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

More

Comments
1000 characters