بچوں کو میٹھا کھانے کا بہت شوق ہوتا ہے، جیسے ٹافی، چاکلیٹ، کیک، پیسٹری، جوس وغیرہ، جنہیں دیکھ کر ان کے منہ میں فوراً پانی آجاتا ہے۔
یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ ان کا زیادہ استعمال بچوں کی صحت اور دانتوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ لیکن چونکہ بچے ان چیزوں کے نقصانات سے ناواقف ہوتے ہیں، وہ تھوڑی دیر بعد پھر میٹھا کھانے پر اصرار کرتے ہیں، اور منع کرنے پر غصے میں آ جاتے ہیں۔
پھل یا گری دار میوے، دن کا آغاز کس سے کرنا چاہیے؟
ایسی صورت میں اگر آپ اپنے بچے کو ان چیزوں سے ہونے والے نقصان سے بچانا چاہتے ہیں، تو آپ بچوں کی حد سے زیادہ میٹھا کھانے کی اشتہا کو کم کرنے کے لیے یہ آسان تدابیر اختیار کرسکتے ہیں۔
دہی کھلائیں
بچوں کو چاکلیٹ، آئس کریم یا قلفی دینے کی بجائے انہیں دہی کھلائیں۔ بچے ذائقہ دار دہی کھانا پسند کرتے ہیں، اور اس میں شوگر کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔ دہی ایک پرو بائیوٹک غذا ہے اور پروٹین سے بھرپور بھی ہے، جو بچوں کی صحت مند نشوونما کے لیے ضروری ہے۔
دودھ میں چینی نہ ڈالیں
اکثر مائیں اپنے بچوں کو دودھ دیتے وقت فلیورڈ پاوڈر یا چینی شامل کرتی ہیں، لیکن اگر آپ اپنے بچے کو میٹھا کھانے کی عادت سے چھٹکارا دلانا چاہتی ہیں، تو ایسی غلطیوں سے بچیں۔ ابتدا میں انہیں چینی یا فلیورڈ دودھ دینے کی بجائے اس کی مقدار کو کم کریں، اور آہستہ آہستہ اسے بند کر دیں۔
ڈارک چاکلیٹ کو ترجیح دیں
سفید یا دودھ والی چاکلیٹ کی بجائے آپ ڈارک چاکلیٹ کی مدد لے سکتے ہیں۔ ڈارک چاکلیٹ کا ذائقہ کم میٹھا ہوتا ہے، اور ممکن ہے آپ کے بچے کو اس کا ذائقہ پسند نہ آئے، جس سے وہ آہستہ آہستہ میٹھا کھانے کی لت سے باہر آ جائے۔
فائبر اور پروٹین سے بھرپور غذائیں دیں
ایسی غذائیں جسم میں شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں اور بچوں کا معدہ بھی بھرے رہنے کی وجہ سے انہیں بار بار بھوک نہیں لگتی، جس سے وہ کم مٹھائی کھانے پر اصرار کرتے ہیں۔ بہتر ہے کہ آپ بچوں کو ہری سبزیاں، سلاد اور اناج کھانے کا عادی بنائیں۔
والدین کی مثال
اکثر بچے اپنے والدین کو جو کرتے دیکھتے ہیں، وہی کرتے ہیں۔ اگر آپ خود کولڈ ڈرنکس اور پروسیسڈ فوڈز زیادہ کھاتے ہیں، تو بچے بھی یہ عادات اپنائیں گے۔ اس لیے والدین کو اپنی غیر صحت مندانہ عادات کو بدلنا چاہیے تاکہ وہ اپنے بچوں کو صحت مند عادات سکھا سکیں۔
ان تدابیر کو اپنانے سے آپ اپنے بچے کو میٹھا کھانے کی عادت سے بچا سکتے ہیں اور ان کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔