اگر آپ سمجھتے ہیں کہ دبئی کی اسکائی لائن پہلے ہی دنیا کے سب سے منفرد اور شاندار نظاروں میں شمار ہوتی ہے، تو تیار ہو جائیے! ایک ایسا منصوبہ جو فن تعمیر، فطرت، اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرتا ہے، دبئی میں اپنی جگہ بنانے جا رہا ہے، ’ آسمان میں جزیرے’
یہ صرف ایک اور ہائی رائز بلڈنگ نہیں، بلکہ ایک ’ہوا میں معلق نخلستان‘ ہوگا، جہاں فطرت اور انسان کی تخلیقی صلاحیت ایک ساتھ جادو جگائیں گے۔ تیرتے باغات، جھرنے والے تالاب، اور منفرد تھرمل پولز۔ یہ سب کچھ ایک ایسے ٹاور میں سجے گا جو 328 فٹ بلند ہوگا اور دبئی کے زبیل پارک میں شان سے کھڑا ہوگا۔
اس جدید شاہکار کو معروف آرکیٹیکچر فرم Diller Scofidio + Renfro (DS+R) نے ڈیزائن کیا ہے، جبکہ تھرم گروپ اس منصوبے کو حقیقت میں ڈھال رہا ہے۔ اس منفرد پروجیکٹ میں ہر ’جزیرہ‘ اپنا الگ ماحول رکھے گا، کہیں سرسبز باغات، کہیں معدنی پانیوں سے بھرے تھرمل پول، تو کہیں آرام اور سکون کے لیے سونا اور بھاپ کے کمرے۔
دبئی نے مسلسل دوسرے سال گلوبل پاور سٹی انڈیکس میں شاندار مقام حاصل کر لیا
تھرم گروپ کے سی ای او، رابرٹ ہانیا کا کہنا ہے، ’دبئی ایسا شہر ہے جو مستقبل کو فلاح و بہبود کی بنیاد پر تعمیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم ایک ایسا ماحول بنا رہے ہیں جہاں فطرت، پانی، اور ثقافت ایک ساتھ مل کر زندگی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔‘
ایک دن میں دو دنیاؤں کا سفر
صبح کے وقت، یہ جگہ سکون اور راحت کا احساس دے گی، ہوا میں معلق باغات میں چہل قدمی، قدرتی گرم پانی کے تالابوں میں غسل، اور فطری حسن کے ساتھ ایک روح پرور تجربہ۔ جیسے ہی رات کا اندھیرا چھائے گا، یہ جزیرے روشنیوں، موسیقی، اور ثقافتی سرگرمیوں سے جگمگا اٹھیں گے۔
الزبتھ ڈلر،DS+R کی بانی پارٹنر کہتی ہیں، ’ ہر جزیرہ ایک نئی دنیا ہوگی، جہاں قدرت کے ساتھ سکون اور جدید طرزِ زندگی ایک دوسرے میں گھل جائیں گے۔ یہ دبئی کی اسکائی لائن کو نہ صرف بدل دے گا، بلکہ لوگوں کے تجربات کو بھی ایک نئی جہت دے گا۔’
یہ حیرت انگیز منصوبہ صرف اپنی خوبصورتی ہی نہیں بلکہ پائیداری (sustainability) میں بھی بے مثال ہوگا،
90% پانی کو ری سائیکل کیا جائے گا تاکہ فطری وسائل محفوظ رہیں۔
80% تازہ ہوا اور ٹھنڈک صاف توانائی سے حاصل کی جائے گی، جو اسے ماحول دوست بنائے گی۔
اس شاندار پروجیکٹ کی تعمیر 2026 میں شروع ہوگی، اور 2028 تک یہ مکمل ہو جائے گا۔
تھرم گروپ کا دعویٰ ہے کہ یہ دبئی میں سالانہ 1.7 ملین سیاحوں کو اپنی جانب کھینچے گا، اور کیوں نہ ہوایسا ؟ آخر یہ صرف ایک عمارت نہیں، بلکہ جدید طرزِ زندگی کا حیران کن اور فطرت کا ایک حسین امتزاج ہوگا۔
دبئی کتنا محفوظ ہے؟ ویڈیو نے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا
جی ہاں دبئی ایک بار پھر دنیا کو حیران کرنے کے لیے تیار!
دبئی نے ہمیشہ دنیا کو حیران کیا ہے، چاہے وہ برج خلیفہ ہو، دی پالم آئس لینڈ، یا مستقبل کا میوزیم۔ اب ’آسمان میں جزیرے‘ اس فہرست میں شامل ہونے جا رہے ہیں، ایک ایسا منصوبہ جو شہر کو مزید جادوئی بنا دے گا۔
توجناب کیا آپ تیار ہیں؟ شاید چند سالوں بعد، آپ بھی ہوا میں معلق کسی باغ میں بیٹھ کر قدرتی جھرنوں کے نظارے سے لطف اندوز ہو رہے ہوں-