کیا دودھ کو فریج میں رکھنا درست ہے؟ کہیں یہ آپ کی صحت اور جیب پر غلط اثر تو نہیں ڈال رہا
بہت سی خواتین دودھ کو فریج میں رکھ دیتی ہیں لیکن انہیں یہ علم نہیں ہوتا کہ دودھ کو صحیح طریقے سے کیسے محفوظ کیا جائے تاکہ وہ زیادہ دیر تک تازہ اور محفوظ رہے۔
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ دودھ کو فریج میں رکھنے کا صحیح طریقہ کیا ہے تاکہ دودھ کی غذائیت برقرار رہے اور آپ کی صحت اور جیب دونوں محفوظ رہیں۔
دودھ کو فریج میں رکھنے کا مقصد
موسم چاہے جو بھی ہو، فریج کا استعمال ہمیشہ ضروری ہوتا ہے کیونکہ کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں فریج کے بغیر محفوظ کرنا مشکل ہوتا ہے، اور دودھ ان میں سے ایک ہے۔ فریج میں دودھ رکھنے سے یہ جلدی خراب نہیں ہوتا اور کئی دن تک تازہ رہتا ہے۔ لیکن اگر دودھ کو فریج سے باہر رکھا جائے، تو یہ چند گھنٹوں میں خراب ہو سکتا ہے۔
پھل یا گری دار میوے، دن کا آغاز کس سے کرنا چاہیے؟
دودھ فریج میں کتنے دن تک تازہ رہتا ہے؟
امریکی محکمہ زراعت کی رپورٹ کے مطابق، دودھ کو فریج میں ایک ہفتے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے، جب کہ فریج کے بغیر دودھ صرف آٹھ گھنٹے تک صحیح رہ سکتا ہے۔ خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں، دودھ کو غیر مناسب درجہ حرارت پر رکھنے سے وہ ایک یا دو گھنٹوں میں خراب ہو سکتا ہے۔
دودھ کو فریج میں رکھنا صحت کے لیے فائدہ مند ہے؟
دودھ کو فریج میں رکھنا دراصل صحت کے لیے فائدہ مند ہے، لیکن اس میں ایک اہم بات یہ ہے کہ دودھ کو بار بار گرم نہ کیا جائے، کیونکہ ایسا کرنے سے اس کی غذائیت میں کمی آ سکتی ہے۔ دودھ کو ایک مرتبہ اُبال کر فریج میں رکھنا بہترین طریقہ ہے کیونکہ اس سے دودھ کا معیار برقرار رہتا ہے۔ تاہم، کچے دودھ کو فریج میں رکھنا صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
کچے دودھ کا فریج میں رکھنا کیوں خطرناک ہے؟
رپورٹس کے مطابق، کچے دودھ کو فریج میں رکھنے سے اس میں موجود بیکٹیریا اور وائرس زندہ رہ سکتے ہیں، جو کہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ کچا دودھ پینے سے معدے کی بیماریوں اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے ہمیشہ دودھ کو اُبال کر فریج میں رکھیں تاکہ وہ محفوظ رہے اور صحت پر منفی اثرات نہ ڈالے۔
دودھ کو فریج میں کہاں رکھا جائے؟
دودھ کو فریج میں رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اسے صحیح جگہ پر رکھا جائے۔ بہت سی خواتین دودھ کو فریج کے دروازے میں رکھتے ہیں، لیکن یہ غلط طریقہ ہے۔ فریج کا دروازہ وہ جگہ ہے جہاں درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے کیونکہ فریج کے کھلنے اور بند ہونے سے اس کا درجہ حرارت بدلتا رہتا ہے۔
دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے اسے فریج کے اندر، سامنے والے حصے میں رکھنا چاہیے، جہاں درجہ حرارت کم اور یکساں ہوتا ہے۔ اس طرح دودھ زیادہ دیر تک تازہ اور محفوظ رہتا ہے۔
دودھ کو فریج میں محفوظ کرنے کا صحیح طریقہ جاننا ضروری ہے تاکہ دودھ کی غذائیت برقرار رہے اور آپ کی صحت پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔ کچا دودھ فریج میں نہ رکھیں اور اُبال کر ہی محفوظ کریں۔ فریج میں دودھ رکھنے کے لیے صحیح جگہ کا انتخاب کریں تاکہ دودھ زیادہ دیر تک تازہ رہے۔ ان آسان طریقوں کو اپنانے سے آپ دودھ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں اور اپنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔