بھارتی ریاست بہار کے شہر مظفرپور میں ایک خاتون اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں مسلسل ٹریفک چالان موصول ہونے لگے، حالانکہ وہ کسی ٹریفک خلاف ورزی میں ملوث نہیں تھیں۔ اصل معاملہ سامنے آیا تو حقیقت کسی فلمی کہانی سے کم نہ تھی – کیونکہ چالان بھیجنے والا کوئی اور نہیں بلکہ ان کا ناراض شوہر نکلا، جو جان بوجھ کر ٹریفک قوانین توڑ رہا تھا، وہ بھی ایک ایسی بائیک پر جو بیوی کے نام پر رجسٹرڈ تھی!
یہ میاں بیوی صرف ڈیڑھ ماہ ہی ساتھ رہے اور گھریلو تنازعات کے باعث علیحدگی ہوگئی، جس کے بعد خاتون اپنے والدین کے گھر واپس چلی گئیں۔ تاہم، شوہر نے شادی میں تحفے میں ملی بائیک واپس کرنے سے انکار کر دیا اور الٹا اس کا استعمال بیوی کو پریشان کرنے کے لیے کرنے لگا۔
ٹریفک میں پھنسے دلہا کی پیدل چل کر اپنی شادی میں جانے کی ویڈیو وائرل
شروع میں خاتون نے چالان بھر دیے، یہ سوچ کر کہ شاید غلطی سے ہو رہا ہے، لیکن جب یہ سلسلہ تھما نہیں، تو انہیں سمجھ آیا کہ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی چال ہے۔ جب انہوں نے شوہر سے اس بارے میں پوچھ گچھ کی اور بائیک واپس مانگی تو اس نے یہ کہہ کر صاف انکار کر دیا کہ گاڑی اسی وقت واپس ملے گی جب طلاق کا عمل مکمل ہوگا۔
مجبوراً خاتون نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پٹنہ ٹریفک پولیس سے رجوع کیا، جہاں سے انہیں مقامی قاضی محمد پور تھانے بھیج دیا گیا۔ پولیس نے شوہر کے خلاف ثبوت مانگے اور ایک حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ ایس ایچ او روی گپتا نے تصدیق کی کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر سرکاری ملازم کا ساتھیوں پر چاقو سے حملہ
یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہا ہے، جہاں لوگ شوہر کی حرکت پر حیرانی اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔