کرکٹ میں کبھی کبھی ایسا لمحہ آ جاتا ہے جو مسکراہٹوں کا باعث بن جاتا ہے یا یوں کہہ لیں حریف کی سبکی مسکرانے پر مجبور کردیتی ہے۔ حال ہی میں ایسا ہی کچھ بھارتی شہر کٹک کے باراباتی اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں فلڈ لائٹس کی خرابی کے باعث بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 35 منٹ تک رُکا رہا۔
یہ وہی بھارت ہے جو پاکستان کے نوتعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا مذاق اُڑانے میں پیش پیش تھا، لیکن اب اپنی ناقص انتظامی صلاحیتوں کے سبب پوری دنیا میں مذاق کا نشانہ بن گیا۔
اندھیرا چھا گیا، کھلاڑی میدان چھوڑ گئے!
میچ کے دوران جب انگلینڈ 305 رنز کے ہدف کا دفاع کر رہا تھا، تو دوسری اننگز کے ساتویں اوور میں اچانک اسٹیڈیم کی ایک فلڈ لائٹ بند ہو گئی، جس کی وجہ سے میدان میں روشنی کم ہو گئی۔ نتیجتاً، کھلاڑیوں کو کھیل روک کر میدان چھوڑنا پڑا، اور شائقین مایوسی کا شکار ہوگئے۔
چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر بھارتی کرکٹر آخر کار بول پڑے
یہ واقعہ شام سوا 6 بجے پیش آیا، جب اچانک کچھ فلڈ لائٹس بند ہونے لگیں۔ پہلے تو یہ ایک لمحاتی خرابی لگی، لیکن جیسے ہی انگلینڈ کے فاسٹ بولر ثاقب محمود نے بھارتی کپتان روہت شرما کو گیند کروانے کی تیاری کی، روشنی مکمل طور پر چلی گئی اور پورا اسٹیڈیم اندھیرے میں ڈوب گیا۔
اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائی بے چین، پولیس لاٹھی چارج پر مجبور!
اندھیرا چھانے کے بعد میدان میں موجود شائقین شدید بے چینی کا شکار ہو گئے۔ کچھ نے اپنی موبائل فلیش لائٹس آن کر کے اسٹیڈیم کو روشن کرنے کی کوشش کی، لیکن اس سے صورتحال میں کوئی خاص فرق نہ پڑا۔ اسی دوران اسٹیڈیم میں بدنظمی بھی دیکھنے کو ملی، اور جب تماشائی قابو سے باہر ہونے لگے، تو پولیس نے صورتحال سنبھالنے کے لیے لاٹھی چارج کر دیا۔
سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ کی طلاق کی افواہیں سرگرم
میچ کے تعطل پر اسٹیڈیم انتظامیہ کی جانب سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ فلڈ لائٹس کے جنریٹر میں خرابی پیدا ہو گئی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق، جیسے ہی جنریٹر فیل ہوا، انہوں نے بیک اپ جنریٹر آن کرنے کی کوشش کی، لیکن کنکشن منتقلی میں وقت لگنے کی وجہ سے 35 منٹ کی تاخیر ہوئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انتظامیہ کے مطابق، پچھلے پانچ دنوں سے فلڈ لائٹس کی ٹیسٹنگ جاری تھی اور کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا تھا، لیکن عین میچ کے دوران خرابی نے پانچ دن کی محنت کا پول کھول دیا۔
بھارت میں ریٹائرڈ کرکٹرز کا برا حال، معروف بھارتی کرکٹر کی پینشن شاہد آفریدی سے بھی کم
یہ واقعہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے انتظامی دعووں پر بڑا سوالیہ نشان لگا چکا ہے۔ یہ وہی بھارت ہے جو پاکستان کے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر پر سوالات اٹھا رہا تھا، لیکن اپنے اسٹیڈیم میں بنیادی سہولیات تک کو برقرار نہیں رکھ سکا۔
یہ سچ ہے کہ تکنیکی خرابیاں کسی بھی اسٹیڈیم میں ہو سکتی ہیں، لیکن ایک بین الاقوامی میچ کے دوران فلڈ لائٹس کی ناکامی اور انتظامیہ کی نااہلی نے بھارت کو کرکٹ دنیا میں جگ ہنسائی کا نشانہ بنا دیا ہے۔