بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان ہمیشہ سے مداحوں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں، ان کی شخصیت، فٹنس، اور منفرد ڈانس اسٹائل نے انہیں ایک الگ مقام دیا ہے۔ ان کی ذاتی زندگی بھی لوگوں کے لیے ہمیشہ دلچسپی کا باعث رہی ہے اور ان سے جڑی ہر چھوٹی بڑی بات میڈیا میں زیرِ بحث آتی ہے۔
حال ہی میں 2017 کے ایک مشہور شو ”آپ کی عدالت“ کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں سلمان خان نے اپنی خوراک اور مذہبی عقائد پر کھل کر بات کی۔
والد نے سلمان خان کی اب تک شادی نہ ہونے کی وجہ بتا دی
ویڈیو میں میزبان راجت شرما نے سلمان خان سے ان کی خوراک کے بارے میں سوال کیا، تو سلمان خان نے جواب دیا کہ ”میں سب کچھ کھاتا ہوں، بس بیف اور پورک نہیں کھاتا۔“
جب ان سے اسکی وجہ پوچھی گئی، تو سلمان خان نے تفصیل سے بتایا کہ ”گائے ہماری ماں ہے، اور میں مانتا ہوں کہ گائے میری ماں ہے۔ میری اپنی ماں ہندو ہیں، میرے والد مسلمان ہیں، اور میری سوتیلی ماں ہیلن عیسائی ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہم ہندوستان کے تمام مذاہب کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔“
سلمان خان کا تعلق ایک کثیر المذاہب خاندان سے ہے، جس کی وجہ سے ان کی ایک سیکولر ماحول میں تربیت ہوئی ہے۔
ارباز اور ملائکہ کی طلاق، سلمان خان نے بھتیجے کو کیا مشورہ دیا؟
سلمان خان کے والد سلیم خان مسلمان ہیں، والدہ سشیلا چھرک ہندو ہیں، اور سوتیلی والدہ ہیلن مسیحی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس پس منظر کی بدولت سلمان خان کی شخصیت میں مختلف مذاہب کا امتزاج اور تنوع جھلکتا ہے، جس پر وہ فخر کرتے ہیں۔
سلمان خان اس وقت اپنی متوقع ایکشن فلم ”سکندر“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی ہدایت کاری ای آر موروگادوس کر رہے ہیں۔ فلم میں سلمان خان کے ساتھ بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راشمیکا مندانا اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
فلم کو عید کے موقع پر 2025 میں ریلیز کرنے کا ارادہ ہے، جس کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے۔
اس سے پہلے، سلمان خان نے 2024 کی کرسمس پر ورون دھون اور سمانتھا روتھ پربھو کی فلم ”بےبی جون“ میں مختصر مگر اہم کردار ادا کیا تھا، جو شائقین کے درمیان کافی پسند کی گئی۔