اداکاری کا شوق رکھنے والے افراد ڈائیلاگز یاد رکھنے کیلئے عامر اور ارشد کی یہ تکنیک آزمائیں
بالی وڈ کے معروف فلم ساز راجکمار ہیرانی نے حال ہی میں اداکار عامر خان اور ارشد وارثی کے کام کرنے کے طریقوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہر اداکار کی اپنی مخصوص اداکاری کی تکنیک ہوتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ عامر خان اپنی مکمل تیاری کے لیے جانے جاتے ہیں، جب کہ ارشد وارثی کی اداکاری زیادہ تر برجستگی اور فوری تخلیق پر مبنی ہوتی ہے۔
ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے، راجکمار ہیرانی نے انکشاف کیا کہ عامر خان اپنے ڈائیلاگز یاد کرنے کے لیے ایک منظم طریقہ استعمال کرتے ہیں۔ وہ اسکرپٹ کو بار بار سنتے ہیں، سوالات پوچھتے ہیں اور پھر اپنے ڈائیلاگز خود ہاتھ سے لکھتے ہیں۔
اکشے کھنہ نے شادی کیوں نہیں کی؟ بڑی وجہ بتا دی
ہیرانی نے بتایا کہ اس طریقے سے انہیں ڈائیلاگز کو بہتر طریقے سے سمجھنے اورنیچرل انداز میں ادا کرنے میں مدد ملتی ہے، اور وہ عامر خان کے ساتھ بار بار ریہرسل کرتے تھے تاکہ شوٹنگ کے دوران ہر چیز واضح ہو۔
دوسری طرف، ہیرانی نے ارشد وارثی کے کام کرنے کے انداز کو بالکل مختلف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد وارثی اپنے مکالمے اسکرپٹ کے مطابق نہیں بولتے، بلکہ انہیں اپنے انداز میں ڈھال کر ادا کرتے ہیں، خاص طور پر ”منا بھائی“ میں سرکٹ کے مشہور کردار کو دیکھ کر یہ بات واضح ہوتی ہے۔
بھارتی اداکار سونو سود کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری
راجکمار ہیرانی نے یاد کیا کہ شروع میں انہیں ارشد وارثی کو ہدایت دی کہ وہ اسکرپٹ کے مطابق بات کریں، لیکن وہ محسوس کرتے تھے کہ اس سے اتنا اثر نہیں آ رہا تھا۔ بعد میں ہیرانی نے تسلیم کیا کہ ارشد وارثی کی قدرتی برجستگی اور تخلیقی اداکاری نے ان کے کرداروں میں حقیقت پسندی اور جان ڈال دی۔
راجکمار ہیرانی نے اس تجربے سے یہ سیکھا کہ ہدایت کار کو اداکار کے منفرد انداز کو سمجھ کر اس کے مطابق خود کو ڈھالنا چاہیے، اور انہیں ہر اداکار کو ایک ہی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔