رواں ماہ ہونے والے چیمپئنز ٹرافی 2025ایونٹ کے موقع پر، پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنے مداحوں کو ایک خاص تحفہ دیا ہے، جو اس ایونٹ کے ترانے کی آفیشیل آواز ہیں۔
عاطف اسلم کی آواز میں چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل ترانہ آئی سی سی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا ہے۔ اس ترانے کا عنوان ”جیتو بازی کھیل کے“ رکھا گیا ہے اور اس کا دورانیہ ایک منٹ 39 سیکنڈ پر مشتمل ہے۔
عدنان ڈھول اور اسفند یار کے تحریر کردہ اور عبداللہ صدیقی کے پروڈیوس کیے ہوئے اس آفیشیل ترانے کی ویڈیو میں عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ پرفارمنس بھی دکھائی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی: قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی گئی
ویڈیو میں چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے جھنڈے بھی دکھائے گئے ہیں، جو اس ایونٹ کے عالمی سطح پر ہونے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ عاطف اسلم کو ویڈیو میں گلیوں میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے اور ان کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ جس نے ویڈیو کو مزید دلکش اور دل چسپ بنادیا پے۔
چیمپئنز ٹرافی کا یہ آفیشل ترانہ ریلیز ہوتے ہی نہ صرف پاکستان میں بلکہ دیگر ممالک میں بھی وائرل ہوگیا۔ شائقین کرکٹ نے عاطف اسلم کی گلوکاری کی بھرپور تعریف کی اور ان کی آواز کو ایونٹ کے جوش و جذبے کے ساتھ جوڑ کر سراہا۔
ترانے کی دھن دلوں میں اترنے والی ہے اور عاطف اسلم کی پرفارمنس دنیا بھر میں ایونٹ کے جوش و خروش کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
شائقین اس ایونٹ میں عاطف اسلم کے ترانے کے ساتھ ایک اور شاندار کرکٹ ایونٹ کے منتظر ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025: میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہونے جا رہا ہے، جو منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور ہے۔ یہ ایونٹ پاکستان میں ایک طویل عرصے بعد آئی سی سی کے کسی بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کو یہ میزبانی آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد ایک طویل عرصے کے بعد ملی ہے۔ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام انٹرنیشنل ایونٹس 2027 تک نیوٹرل وینیو پر منعقد ہوں گے، اس لیے بھارت کے میچز چیمپئنز ٹرافی 2025 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔