آنکھیں قدرت کا انمول عطیہ ہیں یہ وہ تحفہ جو قدرت نے ہمیں حسین رنگین دنیا کو دیکھنے اور زندگی کی خوبصورتی کو جذب کرنے کے لیے عطا کیا ہے۔ یہ محض دیکھنے کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ ہمارے جذبات، احساسات اور سوچ کی عکاس بھی ہیں۔

درحقیقت قدرت نے ہمیں جو سب سے قیمتی تحائف دیے ہیں، ان میں سے ایک آنکھیں ہیں۔ یہ نہ صرف دیکھنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہیں بلکہ ہماری زندگی میں رنگ، روشنی اور جذبات کو ایک معنی دیتی ہیں۔ ایک پل کے لیے تصور کریں کہ اگر آنکھیں نہ ہوتیں تو دنیا کیسی لگتی؟ رنگوں سے محرومی، روشنی کی عدم موجودگی، اور زندگی کے حسین مناظر کو دیکھنے کی صلاحیت ختم ہو جاتی۔

سچ ہے آنکھوں کی اہمیت سے بھلا کون انکار کر سکتا ہے؟ یہ وہ بیش بہا نعمت ہیں جن کے ذریعے ہم اس جہاں کی خوبصورتی کو محسوس کرتے ہیں، رنگوں کی قوسِ قزح کو دیکھتے ہیں، اپنوں کے چہروں کو پہچانتے ہیں اور زندگی کے تمام رنگوں سے روشناس ہوتے ہیں۔ آنکھیں نہ صرف روشنی کا ذریعہ ہیں بلکہ ہمارے جذبات کی سب سے گہری زبان بھی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر رشید کی ڈھولکی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

یہ قدرت کی وہ زبان ہیں جو بغیر الفاظ کے سب کچھ کہہ دیتی ہیں۔ صبح کے سورج کی سنہری کرنیں آنکھوں کی بدولت حسین ہیں، اگر آنکھیں نہ ہوتیں تو نہ چاندنی رات کا حسن محسوس ہوتا، نہ بادلوں کی اوٹ سے جھانکتی روشنی کا منظر دیکھ سکتے، نہ اپنوں کی محبت بھری نگاہوں کو محسوس کر سکتے۔

شاعروں نے توآنکھوں کو اکثر اپنے اشعار کا موضوع بنایا ہے۔ کبھی انہیں محبت کا دریا کہا، تو کبھی غم کی داستانوں کا آئینہ۔

جگر مراد آبادی کہتے ہیں !

حسیں تیری آنکھیں حسیں تیرے آنسو

یہیں ڈوب جانے کو جی چاہتا ہے

عبد الحمید عدم آنکھوں کی خوبصورتی یوں بیاں کرتے نظر آتے ہیں !

اک حسیں آنکھ کے اشارے پر

قافلے راہ بھول جاتے ہیں

آنکھیں ایک پیچیدہ مگر حیرت انگیز عضو ہیں، جدید سائنس نے آنکھوں کی ساخت اور افعال پر بے شمار تحقیق کی ہے، مگر قدرت کے اس شاہکار کی پیچیدگی اور حیرت انگیزی آج بھی سائنسدانوں کو ورطۂ حیرت میں ڈالے ہوئے ہے۔ مگر کیا ہم اس انمول نعمت کی حفاظت کا حق ادا کر رہے ہیں؟

ہماری آنکھیں دن بھر مختلف چیلنجز سے گزرتی ہیں۔ موبائل فون اور کمپیوٹر اسکرین کا طویل استعمال، آلودگی، کم نیند، اور غیر متوازن غذا آنکھوں کی صحت پر براہ راست اثر ڈال سکتے ہیں۔ اگر ہم اپنی آنکھوں کی حفاظت نہ کریں تو نظر کی کمزوری، آنکھوں کی خشکی، دھندلا دیکھنے، اور دیگر بینائی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

آنکھوں کی حفاظت کے لئے ہمیں کچھ احتیاط اور طریقوں سے ضرور اپنی آنکھوں کی حفاظت کرنی چاہیے،

متوازن غذا اپنائیں

آنکھوں کی صحت کے لیے وٹامن اے، سی، ای اور اومیگا-3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذا بہت ضروری ہے۔ گاجر، پالک، بادام، مچھلی اور سن فلاور سیڈز بینائی کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں۔

موبائل اور کمپیوٹر اسکرین کا محدود استعمال

زیادہ دیر تک موبائل اور کمپیوٹر اسکرین پر نظریں جمانا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ہر 20 منٹ بعد اسکرین سے نظریں ہٹا کر دور دیکھنے کی عادت ڈالیں۔

بالوں کو صحت مند اور چمکدار بنانے کے لیے دہی کا استعمال کیسے کیا جائے؟

نیند پوری کریں

اچھی بینائی کے لیے نیند پوری لینا ضروری ہے۔ کم نیند سے آنکھوں میں خشکی اور تھکن پیدا ہو سکتی ہے، جس سے نظر دھندلی محسوس ہو سکتی ہے۔

آنکھوں کو دھوپ سے بچائیں

سورج کی تیز روشنی آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، اس لیے دھوپ میں سن گلاسز کا استعمال کریں جوالٹرا وائیلٹ ریز یا شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھ سکیں۔

آنکھوں کی ورزش کریں

آنکھوں کی ورزش بینائی کو بہتر بناتی ہے۔ روزانہ آنکھوں کو دائیں، بائیں، اوپر اور نیچے حرکت دینے کی مشق کریں۔

صفائی کا خاص خیال رکھیں

آنکھوں کو گندے ہاتھوں سے چھونے سے گریز کریں، اور اگر کانٹیکٹ لینس استعمال کرتے ہیں تو انہیں ہمیشہ صاف رکھیں۔ آنکھیں صرف دیکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری روح کا آئینہ ہیں۔

More

Comments
1000 characters