92 سالہ ایوان پیڈلے ٹیبل ٹینس کھیلنے میں نہ صرف ماہر ہیں بلکہ وہ دوسروں کو بھی سکھاتے ہیں کہ کس طرح طویل، صحت مند اور خوشگوار زندگی گزاری جا سکتی ہے۔
برطانیہ کے علاقے ویسٹ مڈلینڈز والسال میں رہنے والے پیڈلے ایک ریٹائرڈ ٹول میکر ہیں اور ہفتے میں 2 بار ٹیبل ٹینس کھیلتے ہیں۔ انہوں نے 14 سال کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا اور 78 سال بعد بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
فوکس نیوز کے مطابق ایوان پیڈلے گریٹ ویرلے ٹیبل ٹینس کلب اسٹافورڈشائر میں ہر ہفتے 14 گیمز کھیلتے ہیں اور اپنے سے کہیں کم عمر کھلاڑیوں کا سامنا کرتے ہیں۔
پیڈلے کا کہنا ہے کہ ”یہی میری فٹنس اور صحت کا راز ہے اور میں جب تک ممکن ہو، کھیلتا رہوں گا۔“ پیڈلے کا کہنا ہے کہ اگرچہ نوجوان کھلاڑی زیادہ تیز رفتار ہوتے ہیں لیکن یہ سب تکنیک کا کھیل ہے۔
وہ کلب میں ہر عمر کے کھلاڑیوں سے مقابلہ کرتے ہیں یہاں تک کہ 60 سال سے کم عمر کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیلنے کا شوق رکھتے ہیں۔
پیڈلے ٹیبل ٹینس کے ساتھ ساتھ بولنگ، تیراکی اور جوڈو میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور جوڈو میں براؤن بیلٹ حاصل کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے ’میں خود کو صحت مند رکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور مسلسل متحرک رہتا ہوں۔ پیڈلے دوسروں کو بھی مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آپ خود کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو اس کھیل کو ضرور اپنائیں۔ بیٹھے رہنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے۔
طبی ماہرین بھی تجویز کرتے ہیں کہ عمر رسیدہ افراد کو جسمانی طور پر متحرک رہنا، متوازن خوراک لینا، دوسروں سے روابط قائم رکھنا، اور جسمانی و ذہنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ وہ ایک بھرپور زندگی گزار سکیں۔