آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) نے مشہور بھارتی فلمی ستاروں اور کھلاڑیوں کے بڑھاپے کی دلچسپ تصاویر تخلیق کی ہیں، جنہیں مشہوراے آئی آرٹسٹ جوزف نے اپنے انسٹاگرام پر ”ستارے مرجھا گئے، کہانیاں باقی ہیں“ کے عنوان سے شیئر کیا۔
ان تصاویر میں بالی ووڈ کے مشہور اداکاروں جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، الو ارجن، فہد فاضل، موہن لال، رام چرن، دیپیکا پڈوکون اور ایشوریا رائے کے بڑھاپے کا تخیل پیش کیا گیا ہے ۔
جوزف کی شیئر کی گئی پوسٹ میں اے آئی کی مدد سے بنائی گئی تصاویر میں رنویر سنگھ، انوشکا شیٹی، ترشیا کرشنن، عالیہ بھٹ اور تمنا بھاٹیہ کی جھریوں اور سفید بالوں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ جبکہ عامر خان اور پربھاس کو گنجا دکھایا گیا ہے۔
اس کے برعکس، شاہ رخ خان اور سلمان خان اپنے بڑھاپے میں بھی اپنی پرکشش شخصیت کے ساتھ نمایاں نظر آتے ہیں۔
ان تصاویر پر انٹرنیٹ صارفین نے مزاحیہ اور حیرت انگیز تبصرے کیے ہیں، کچھ نے کہا کہ ”شاہ رخ خان ویسے ہی لگ رہے ہیں جیسا وہ ابھی ہیں“ اور ”سلمان خان ابھی بھی متاثر کن ہیں“، جبکہ کچھ نے ریتھک روشن اور شاہ رخ خان کو ایسے سدابہار اداکار قراردے دیا جو کبھی بوڑھے نہیں ہوں گے۔