بھارتی شہر بنگلورو میں مقیم ایک شخص نے ایک حیرت انگیز جگاڑ نکال لیا جسے اس نے پڑھنے لکھنے سے نابلد اپنی گھریلو ملازمہ سے گفتگو کے لیے دریافت کیا ہے۔

بھارتی شخص کے اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور بھرپور تعریف کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آن لائن کھانا آرڈر کرنے والی فوڈ کمپنی کے ایک ڈیزائنر سرگم پرکاش نے اپنے LinkedIn اکاؤنٹ پر اس حوالے سے بتایا کہ کس طرح ایموجیز کے استعمال سے اُنہیں گھریلو ملازمہ سے باآسانی بات چیت کرنے میں مدد ملی۔

رپورٹ کے مطابق سرگم پرکاش نے نابلد ملازمہ سے بات چیت کا آسان حل بتاتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ کبھی گھر سے اور کبھی دفتر سے کام کرتے ہیں، اس لیے ان کی ملازمہ کو یہ معلوم نہیں چل پاتا کہ وہ کس وقت گھر آئیں گے۔ پرکاش نے بتایا ان کی گھریلو ملازمہ واٹس ایپ استعمال کرتی ہے لیکن وہ انگریزی پڑھ، لکھ یا بول نہیں سکتی۔ وہ صرف ”ہیلو“ یا صوتی (وائس پیغام) بھیج سکتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اکثر دفتر میں مصروف یا میٹنگز میں ہوتے ہیں، اس لیے وہ ہمیشہ وائس نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تھے۔ پھر انہوں نے ایک آسان حل تلاش کیا جس کے لیے انہوں نے بات چیت کے لیے ایموجیز کا استعمال کرنا شروع کیا۔

سرگم نے پوسٹ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ گھر پر ہوتے ہیں تو اسے گھر کا ایموجی بھیج دیتے ہیں، اور گاڑی کا ایموجی بھیج کر وہ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اُس وقت دفتر میں موجود ہیں۔

بھارتی شہری سرگم کے اس خیال نے بہت سے صارفین کو متاثر کیا جنہوں نے سرگم کی پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا بھی اظہار کرتے ہوئے ان کی بھرپور انداز سے تعریفیں کیں۔

More

Comments
1000 characters